پاک فوج سے مثالی روابط نہیں،کیمرون منٹر

Cameron Munter

Cameron Munter

پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے تعلقات اچھے ہیں، مگر پاک فوج سے روابط مثالی نہیں۔ تعلقات میں کشیدگی کی وجہ ماضی کے وعدے وفا نہ کرنا ہے۔

واشنگٹن میں ہارورڈ کینیڈی اسکول میں لیکچر کے دوران امریکی سفیر کیمرون منٹر کا کہنا تھا پاکستان اور امریکی خفیہ ایجنسیوں کے بہتر تعلقات میں آئی ایس آئی چیف جنرل پاشا کی آئندہ ماہ ریٹائرمنٹ کے بعد تبدیلی آسکتی ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں حالیہ کشیدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہاکہ ماضی میں امریکی قیادت نے پاکستان سے وعدے کئے لیکن وقت پر ان کو وفا نہ کیا گیا۔ جس سے اسلام آباد میں مایوسی پیدا ہوئی۔

کیمرون نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کے سیاسی رہنما نہیں چاہتے کہ امریکا پاکستان سے جائے۔ سیاسی قیادت واشنگٹن سے اچھے تعلقات کے حق میں ہے۔ کیمرون منٹر نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے امریکی ٹرینٹرز کو ویزے نہ دینے پر دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی بڑھی۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امداد فراہم کر کے اسے اپنے پاں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ مالی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہاکہ پاکستان کو طویل مدتی مالی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے اور موجودہ مالی امداد کو تجارت اور شراکت داری میں تبدیل کردیا جائے گا۔ پاکستان سے امریکا کا تعلق اعتدال پسندانہ اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے پر مبنی ہونا چاہئے۔