پنجاب : ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ

dangue

dangue

لاہور : پنجاب میں ڈینگی سے متاثر مزید دو سو سولہ افراد اسپتالوں میں پہنچ گئے، میو اسپتال لاہور میں ایک سو آٹھ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی، ایک چینی شہری اور سولہ ڈاکٹرز بھی اس کی لپیٹ میں آگئے۔ ڈینگی وائرس پنجاب کے بیشتر شہروں میں پوری طرح سرایت کرچکا ہے اور انتظامیہ اسکے سامنے بے بیس نظر آرہی ہے۔جہاں میو ہسپتال میں ایک ہی دن میں ایک سو آٹھ نئے کیسیز سامنے آئے۔ وہیں جناح ہسپتال میں ڈینگی فیور میں مبتلا بیالیس سالہ چینی باشندے کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔
میو ہسپتال کے ایم ایس زاہد پرویز کی زیرصدارت اجلاس میں ماہرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے سالوں میں ڈینگی زیادہ چیلنجنگ ثابت ہو گا کیونکہ دوسری بار مچھر کے کاٹنے کی صورت میں ڈینگی فیور ڈینگی ہیمریجک کی شکل میں سامنے آ سکتا ہے، جس میں متاثرہ فرد کے ہیمریجز اور شاک میں جانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔میو ہسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رفعت امین نیازی، ان کے دو بچے اور اہلیہ بھی ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ہسپتالوں میں چیک اپ کے لئے آنے والے مریضوں نے سپرے نہ ہونے کی شکایت کی ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور موثرحکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ عوام کو بھی اس مہم میں بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس موذی وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔