پیر پگارا کے انتقال پر سندھ حکومت کا 3روزہ سوگ

pir pagara

pir pagara

حروں کے روحانی پیشوا شاہ مرداں شاہ المعروف پیر صاحب پگارا لندن میں رضائے الہی سے انتقال کرگئے۔ سندھ حکومت نے پیرپگارا کے انتقال پر تین روزہ سوگ اور مسلم لیگ فنکشنل نے تیس دن تنظیمی سرگرمیاں معطل اور چالیس روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پیر صاحب پگارا لندن کے ولنگٹن اسپتال میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث زیرعلاج تھے ان کی عمرتراسی برس تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق پیر صاحب پگارا کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے سے ہوا۔ ڈاکٹروں نے جان بچانے کی کوشش کی مگر دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ پیر پگارا کے جسد خاکی کو لندن کے علاقے ارلزکورٹ میں غسل دیا گیا۔ پیرپگارا کے جسد خاکی کو جنازے کے بعد جمعرات کی صبح پی آئی اے کی پروازکے ذریعے کراچی لایا جائے گا۔
شاہ مرداں شاہ کے انتقال کی خبرسنتے ہی مریدوں میں صف ماتم بچھ گئی۔ کراچی میں کنگری ہاس پر مریدوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ پیر جوگوٹھ میں لوگوں نے دھاڑیں مار مار کر رونا شروع کر دیا۔  حروں کے روحانی پیشوا کو درگاہ شریف پیر جوگوٹھ میں سپردخاک کیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت سیاسی رہنماں نے پیر پگارا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے حروں کے روحانی پیشوا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیر صاحب قومی سرمایہ تھے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ وزیراعظم گیلانی نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ قوم آج ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے پیرصاحب پگارا کے انتقال پر صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اپنے پیشوا کے انتقال پر چالیس روزہ سوگ منائے گی۔ پیرصاحب پگارا کے چھوٹے صاحبزادے پیرصدرالدین شاہ راشدی لندن میں موجود ہیں اور اپنے والد کے جسد خاکی کے ہمراہ جمعرات کی صبح واپس آرہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماں نے لندن میں پیر صدرالدین شاہ سے ملاقات کی اور ان کے والد گرامی کے انتقال پر تعزیت کی۔