چوہدری اختر علی باہووال پی او اے ایف انٹرنیشنل امریکہ کے چیف آرگنائزر مقرر کر دیئے گئے

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے صدر چوہدری محمد اکرم منہاس نے چیئرمین فورم سید قمر رضا اور مرکزی وائس چیئرمین امجد خان کی مشاورت سے پی او اے ایف انٹرنیشنل یو ایس اے کیلئے چوہدری اختر علی آف باہووال کو چیف آرگنائزر نامزد کردیا ہے ۔ نامزدگی کے اعلان سے قبل چوہدری اختر علی نے صدر فورم چوہدری محمد اکرم منہاس سے اسلام آباد آفس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر چوہدری احمد ندیم گجر چیف آرگنائزر پاکستان چیپٹر’ چیف ایڈمن آفیسر کرنل (ر) ایاز حسین مرزا’ سیکرٹری پی او اے ایف انٹرنیشنل بلال بابر اور محمد الیاس بھی موجود تھے۔ چوہدری اختر علی باہووال نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی ایک سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے فورم کو امریکہ میں سرگرم کرنے کے بارے میں اپنے لائحہ عمل سے فورم کے صدر کو آگاہ کیا اور کہا کہ فورم کو امریکہ کی تمام ریاستوں میں سرگرم کرنے اور اس کو منظم و مضبوط کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

چوہدری اختر علی باہووال نے اس موقع پر فورم کی ممبر شپ کا فارم بھی پُر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پی او اے ایف انٹرنیشنل کے غیر سیاسی ‘ غیر جانبدار اور خالصتاً ویلفیئر کاز پر مبنی اس پلیٹ فارم کا پیغام پورے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی تک پہنچایا جائے گا اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کیا جائے گا۔