چوہدری شجاعت حسین

نام :: چوہدری شجاعت حسین

Chaudhry Shujaat Hussain

Chaudhry Shujaat Hussain

تاریخ پیداءش :: 1946

:: تاریخ وفات

وجھ شھرت :: پاکستان کے سابق وزیر داخلہ

چوہدری شجاعت حسین گجرات کے چوہدری ظہور الہیٰ کے بیٹے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین 1988 ، 1990 اور 1997 میں رکن قومی اسمبلی بنے۔ جمالی صاحب کے استعفیٰ کے بعد چوہدری شجاعت حسین کو2 مہینے کے وزیراعظم بنا دیا گیا۔

چوہدری شجاعت حسین کا تعلق گجرات کے جاٹ خاندان سے ہے جو تقریبا پچیس سال قومی سیاست میں سرگرم ہیں۔ ان کے خاندان نے جنرل ایوب خان، جنرل ضیاالحق اور جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومتوں سے بھرپور تعاون کیا اور اپنی سیاسی قدر و قیمت بڑھاتا چلا گیا حالانکہ یہ خاندان پنجاب کے ان روایتی سیاسی خاندانوں میں شامل نہیں جو ملک بننے سے پہلے سے قومی سیاست میں نمایاں تھے۔

چوہدری شجاعت حسین گجرات کے چوہدری ظہور الہی کے بیٹے ہیں جو ایک عام نچلے متوسط طبقہ کے آدمی تھے۔ وہ ایوب دور میں سرکاری جماعت کنوینشن مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل بنے اور ایوب کی فوجی حکومت کی سرپرستی میں پنجاب میں جاٹ برادری کے ایک نمایاں سیاست دان کے طور پر جانے لگے۔ سیاست میں آنے کے بعد ان کا شمار ملک کے نمایاں کاروباری خاندان کے طور پر ہونے لگا۔

ظہور الہیٰ نے ذوالفقار علی بھٹو کی سخت مخالفت کی اور 1977کے انتخابات کے وقت وہ جیل میں تھے۔ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لا میں ظہور الہی وفاقی وزیر بنائے گئے۔ جب بھٹو کو پھانسی دی گئی تو جنرل ضیاء نے جس قلم سے بھٹو کی پھانسی کے پروانہ پر دستخط کیے تھے اسے یادگار کے طور پر حاصل کر لیا۔ انہیں جنرل ضیاء کے دور میں ہی لاہور میں قتل کر دیا گیا تھا۔

چوہدری شجاعت حسین نے اپنے والد کی وفات کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور مجلس شوری کے رکن رہے۔ 1985 کے انتخابات میں وہ پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وزیراعظم محمد خان جونی جوکی کابینہ میں وزیر صنعت رہے۔ ان کے کزن چوہدری پرویز الہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں جنہیں صحیح معنوں میں ظہور الہی کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین 1988 ، 1990 اور 1997 میں بھی رکن قومی اسمبلی بنے تاہم 1993اور 2008 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اور معروف صنعت کار احمد مختار کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔

1986 میں چوہدری خاندان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ لینے کے لیے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کے خلاف بغاوت کی تھی لیکن اسے ناکامی کا سامنا ہوا تھا۔ تاہم اس کے بعد انہوں نے شریف خاندان سے ہمیشہ اپنا تعلق استوار رکھا گو ان کے اختلاف اندرون خانہ موجود رہے۔

نواز شریف جب تک اقتدار میں رہے انہوں نے چوہدری خاندان کے سیاسی قد میں اضافہ نہیں ہونے دیا اور ان کی خواہش کے برعکس 1990 اور 1997 میں چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نہیں بنوایا۔

شجاعت حسین نواز شریف کے دور میں وفاقی وزیر داخلہ رہے لیکن ان کی وزارت کے زیادہ تر اختیارات احتساب بیور کے سیف الرحمن کے پاس تھے یا خود وزیراعظم کے پاس۔

جب جنرل پرویز مشرف نے اقتدار سنبھالا تو شجاعت حسین کو دو فائدے ہوئے۔ ایک تو جنرل مشرف سے ان کی واقفیت تھی کہ دونوں ایک زمانے میں لاہور کے ایف سی کالج میں پڑھتے رہے تھے او دوسری جنرل مشرف کے قریبی معتمد طارق عزیز چوہدری خاندان کے دوست تھے۔

چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کی معزولی کے بعد ایک دم تو انہیں نہیں چھوڑا۔ وہ ایک سال تک شریف خاندان کی سربراہی میں مسلم لیگ سے وابستہ رہ کر حیلہ بہانہ سے نواز شریف کی سیاست سے اختلافات کرتے رہے لیکن جب نواز شریف کو سعودی عرب جلا وطن کر دیا گیا۔

تو انہوں نے پرویز مشرف کی حمایت میں مسلم لیگ کی تقسیم میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس کا الگ دھڑا قائم کر لیا جس کے صدر لاہور کے ارائیں اور سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر بنے۔

میاں محمد اظہر نے نئی مسلم لیگ کو ایک جواز مہیا کیا کیونکہ وہ ایک بااصول اور کارکنوں کے دوست آدمی سمجھے جاتے تھے لیکن مسلم لیگ نواز شریف سے ٹوٹ کر منظم ہوگئی تو میاں محمد اظہر کو چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعظم ظفراللہ جمالی نے مل کر صدر کے عہدے سے الگ کر دیا اور چوہدری شجاعت حسین کو نئی جماعت کا صدر منتخب کر لیا گیا۔

ظفراللہ جمالی کو وزیراعظم بنوانے میں چوہدری شجاعت حسین کا خاصا ہاتھ تھا کیونکہ دو ہزار کے انتخابات کے بعد انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم چھوٹے صوبے سے آئے جو صاف طور پر جمالی تھے حالانکہ اس وقت متحدہ مجلس عمل شجاعت حسین کے وزیراعظم بننے پر ان کی حمات کرنے کے لیے تیار تھی۔

تاہم چوہدری شجاعت حسین کی زیادہ توجہ اس بات پر تھی کہ ان کے کزن پرویز الہی پنجاب کے وزیراعلیٰ بن جائیں جو ان کی دیرینہ خواہش تھی اور لوگ مذاق کرنے لگے تھے کہ ان کے ہاتھوں میں وزارت اعلیٰ کی لکیریں نہیں ہیں۔

وزیراعظم جمالی سے شجاعت حسین کے اختلاف کی شروع ہوئے۔ جس کی وجہ یہ تھی کہ شجاعت حسین جمالی کی کابینہ میں اپنے پسند کے وزرا بنوانا چاہتے تھے لیکن ظفراللہ جمالی اس بات پر رضامند نہیں تھے اور انہوں نے اس دبا کو قبول نہ کرنے کے لیے کابینہ کی توسیع ہی نہیں کی۔ یوں جمالی صاحب کو بھی اقتدار سے الگ کر دیا گیا۔

جمالی صاحب نے استعفیٰ کے بعد چوہدری شجاعت حسین کو2 مہینے کے وزیراعظم بنا دیا گیا۔ بعد میں شوکت عزیز کے الیکشن جیتنے کے بعد وہ اس عہدے سے الگ ہوئے۔ اور وزارت عظمی کا قلمدان شوکت عزیز کو سونپا گیا۔