چوہدری پرویز الہی کو میاں شہباز شریف کے عوامی مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کام کروانے سے چڑ ہو گئی ہے:عمران خالد بٹ

گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے راہنما صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عمران خالد بٹ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے عوامی مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کام کروانے سے چڑ ہو گئی ہے میاں برادران پر بلا جواز تنقید ان کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے جب سے پنجاب حکومت اقتدار میں آئی ہے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر عوام کی خدمت کیلئے مصروف عمل ہے۔

ن لیگ کی اعلی قیادت سمیت اس کے منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی عہدیدران اور کارکن اپنے اپنے حلقوں میں تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں کیلئے دن رات کوشاں ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ اس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لوگ جوق در جوق ن لیگ میں شامل ہو رہے ہیں آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ پورے ملک میں کلین سویپ کریگی اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے اقتدار میں آکر عوام کو درپیش مشکلات اور تکلیفوں کا ازالہ کریگی ملک وقوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی۔