چین سے دوستی کو معاشی شراکت داری میں بدلیں گے: راجا پرویز اشرف

China pakistan

China pakistan

چین/ پاکستان(جیوڈیسک)وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی پالیسی کا اہم ستون ہے۔ تمام پاکستانیوں کو چین کے ساتھ مثالی دوستی پر فخر ہے۔

تیان جن میں چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں ادھر چین کے وزیراعظم وین جیا با کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ چین عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر کی حمایت کرتا رہے گا۔

چینی وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو نئی جہت دی جائے گی۔ ملاقات میں چین کی طرف سے عطاآباد جھیل کے لیے آئندہ ماہ بھاری مشینری پاکستان بھیجنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ ۔ چین ساڑھے 6 ارب روپے کے بانڈز جاری کرنے کے لیے نیشنل بینک کی معاونت بھی کرے گا۔