ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پریس کانفرنس،23دسمبر کو عوام ظلم کی دیواروں کو گرانے کا عزم کریں

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

لاہور( نوید احمد اندلسی)شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان، عدلیہ ،میڈیا، پارلیمنٹ اور ملک کی سیاسی جماعتوں کو23دسمبر کو پیغام دوں گا جو اس دھرتی پر تبدیلی چاہتے ہیں وہ 23 دسمبر کو گھر نہ بیٹھیں باہر نکل کر ظلم کی دیواروں کو گرانے کا عزم کریں۔23دسمبر کو عوام پاکستان کا بدعنوانی،ظلم بیروزگاری اور کرپشن کے خلاف پر امن احتجاج ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 21دسمبر 2012ء کی شام ماڈل ٹائون (لاہور) میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاں میں کرپشن، بدعنوانی، استحصال ، موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام،آمرانہ سوچ اور بددیانتی کیلئے خطرہ ہوں۔رئوے زمین پر کسی ملک،ادارے،حکومت اور ایجنسی نے مینار پاکستان کے اجتماع کیلئے معاونت نہیں کی اس میں میرے کارکنوں نے پوری دنیا سے حصہ ڈالا ہے،خواتین نے زیور تک بیچے ہیں۔تحریک منہاج القرآن کا 90 ملکوں میں نیٹ ورک ہے اور ہمارے لاکھوں کارکن ہیںہمیں محتاجی نہیں ہے۔

وقت آنے پر پوری دنیا میں موجود پاکستانی ملک کا قرضہ بھی اتار دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جتنے سوال بھی میرے آنے کے حوالے سے گردش کر رہے ہیں انکا جواب بھی 23دسمبر کو اپنے خطاب کے پہلے پانچ منٹ میں دے دونگا۔اسٹیبلشمنٹ کو نہیں جانتا میرا رابطہ گنبد خضری،امت محمدی اور 18کروڑ پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔میرا ایجنڈا آئین او ر جمہوریت کے خلاف ہوا تو صحافی میرے خلاف لکھیں۔