کراچی : دہشتگرد کھلے عام بھتے کی پرچیاں تقسیم کر رہے ہیں۔ فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستارنے جرائم پیشہ بھتہ مافیااورگینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے اولڈسٹی ایریاسمیت شہرکے مختلف علاقوں میں بھتے کی پرچیاں تقسیم کرنے اورفائرنگ کرکے بازاربند کروانے کے واقعات میں معصوم بچے کی ہلاکت کی سخت ترین الفا ظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں فاروق ستار نے کہاکہ جرائم پیشہ بھتہ مافیا اورگینگ وارکے مسلح دہشت گرد شہرکے مختلف بازاروں میں دکانداروں کوکھلے عام بھتے کی پرچیاں تقسیم کررہے ہیں اورانکارکی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر ان دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے بازازبند کروانے کاسلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ فائرنگ سے بھگدڑمیں خواتین سمیت متعدد شہری شدیدزخمی ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہرمیں بھتہ خوری اورفائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے واضح ہوگیاکہ دہشت گردایک مرتبہ پھرشہرکاامن خراب کرنے کے درپے ہیں اورشہرمیںآ گ وخون کی ہولی کھیلنا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ شہرکے حساس علاقوں میں پولیس ورینجرزتعینات ہے اورجگہ جگہ پران کی چوکیوں کے باوجود مسلح دہشت گردوں کی جانب سے سرعام دکانداروں کوبھتہ کی پرچیاں تقسیم کرنالمحہ فکریہ ہے اورکراچی اوراس کے عوام کونقصان پہنچانے کی سازش ہے۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے کراچی کے پرامن شہریوں خصوصاتاجربرادری سے کہاکہ صبرکا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور پرامن رہیں۔انہوں نے صدرآصف علی زرداری ،وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیاکہ بھتہ مافیااورگینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے دکانداروں کوبھتے کی پرچیوں اورفائرنگ کرکے معصوم بچے کوہلاک کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کراچی کے شہریوں اورتاجر برادری کوبھتہ مافیاسے نجات دلائی اورکراچی کاامن خراب کرنے والے عناصرکے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔