کراچی سمیت سندھ میں بھتہ خوری کے خلاف ہڑتال

Karachi

Karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) بھتہ خوری اور پرچی مافیا کے خلاف تاجر آج صوبے بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کر رہے ہیں ۔ ایم کیو ایم سمیت کئی سیاسی اور دینی جماعتوں نے تاجروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

شہر قائد کے تمام تجارتی مراکز اور پیٹرول پمپس بند ہیں ۔یہاں تک کہ گلی محلوں کی دکانیں اور ہوٹلزبھی مکمل طور رپر بند ہیں۔ اس دوران صبح کے اوقات میں کچھ علاقوں سے فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ہیں۔ دوسری جانب اندرون سندھ کے تاجر بھی شٹرڈاون میں شریک ہیں۔لاڑکانہ ، سانگھڑ ، ٹنڈو آدم، میرپور خاص اور شہداد پور میں بھی شٹر ڈاون ہے

شارع فیصل کراچی پر کچھ نامعلوم مشتعل افراد نے ڈرگ روڈ کے قریب پھاٹک کو بند کرنے کی کوشش کی اور ہنگامہ آرائی کی تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو کر لیا۔ غریب آباد انڈر بائی پاس میں نامعلوم افراد نے ایک بس کو آگ لگا دی جبکہ لیاقت آباد روڈ پر بھی مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگا دی۔

ادھر لاڑکانہ سے بھی بعض مقامات پر نا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کے الزام میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 7افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم بعد میں 4افراد کو چھوڑ دیا گیا۔