کراچی : فائرنگ کے مختلف واقعات ، 2 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ڈاکٹر سمیت دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے، مبینہ پولیس مقابلے اور ٹارگٹد آپریشن کے دوران دو ڈاکوں اور پندرہ سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

کراچی کے علاقے حسین آباد میں کلینک پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے پچاس سالہ ڈاکٹر اسماعیل سوریا دوران علاج چل بسا۔ اورنگی نمبر چار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بارہ سالہ ملک سمیر اور 23 سالہ بشیر الدین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ لیاری موسی لین میں پچیس سالہ امین گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ شفیق موڑ کے قریب گھر میں دوران ڈکیتی ڈاکوں کی فائرنگ سے رمضان جاں بحق اور بائیس سالہ صدیق زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب شارع فیصل کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو اور اس کا ساتھی پکڑے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ موبائل فونز اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ بلدیہ ٹان حب ریور روڈ کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس نے گودام پر چھاپہ مار کر ایک سو چالیس کلو گرام ہیروئن اور چار سو چھتیس کلو گرام دیگر منشیات برآمد کر لی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ اورنگی ٹاؤن اور سائٹ میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے پندرہ سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔