کراچی : مزید 3 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے گئے

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات 3افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، اورنگی میں دکانداروں نے 2 بھتہ خور پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیئے۔

کراچی میں قتل و غارت کا سلسلہ نہ رک سکا۔ گارڈن مین فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ سرجانی میں فائرنگ سے ایک خاتون افشاں دم توڑ گئی۔ سچل کے علاقے میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ نیو کراچی میں بھی اندھی گولیوں نے ایک گھر کو اجاڑ دیا۔

سول اسپتال کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ جبکہ یونیورسٹی روڈ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکوہلاک ہو گیا جس کے قبضے سے پستول برآمد کیا گیا۔ پو لیس نے سرجانی رحیم گوٹھ میں بدنام زمانہ جواری اور منشیات فروش حضور بخش عرف چچا کے اڈے پر چھاپہ مارا تو وہ فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اڈے سے مزید چار ملزم گرفتار کئے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات، نقدی، اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم کافی عرصے سے شہر بھر میں کھلے عام منشیات کا دھندا کر رہے تھے۔