کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے محب وطن قوتیں مدد کریں : وزیر اعظم

Raja Parvez Ashraf

Raja Parvez Ashraf

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عدلیہ سمیت تمام قومی اداروں کیساتھ خوشگوار تعلقات چاہتی ہے مگر تنبیہ کرتے ہوئے انکا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی محاذ آرائی کی پر یقین نہیں رکھتی۔ نگران حکومت کے قیام کیلئے مزید اور مفید مذاکرات کی قائل ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات غیر جانبدار بنانے کیلئے اپوزیشن کو اعتماد میں لے رہے ہیں۔ جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے آئندہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتیں حصہ لیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کو نظرانداز کیئے جانے سے وہاں کے لوگوں میں احساس محرومی بڑھا۔ سرائیکی صوبے کے قیام کا مطالبہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ گزشتہ حکومت کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ چند مٹھی بھر لوگوں اور غیر ملکی عناصر کی ریشہ دوانیاں بلوچستان کے حالات کی وجہ ہیں۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں تمام بلوچ سیاسی جماعتیں حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات سے حکومت مکمل آگاہ ہے ۔ محب وطن قوتیں کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ خوشگوار تعلقات اور مسئلہ کشمیر کا حل افہام و تفہیم کے ساتھ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تاخیری حربوں سے گریز کرے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا پر واضح کر دیا ہے کہ داخلی خود مختاری اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔پاکستان ڈرون حملوں کو داخلی خود مختاری کے خلاف سمجھتا ہے۔