کپاس کی پیداوار میں تین لاکھ گانٹھوں کے اضافے کا امکان

cotton production

cotton production

پاکستان(جیوڈیسک)رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار میں 3 لاکھ گانٹھوں کے اضافے کے امکانات ہیں جس کے نتیجے میں کپاس کی مجموعی پیداوار ایک کروڑ 55 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق اگست کے دوران ملک بھر سے 17 لاکھ 13 ہزار گانٹھیں حاصل ہوئیں۔ صوبہ پنجاب سے 9 لاکھ 67 ہزار جبکہ صوبہ سندھ سے 7 لاکھ 63 ہزار گانٹھیں حاصل ہوئیں۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ نے 15 لاکھ گانٹھیں خریدی ہیں جبکہ برآمد کنندگان نے دو لاکھ گانٹھیں خریدی ہیں۔ ماہرین کے مطابق کپاس کی کاشت کے لئے معیاری بیج کی فراہمی اور کاشتکاروں کی محنت سے رواں سیزن کے دوران پیداوار میں بہتری کی توقع ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار 3 لاکھ گانٹھوں کے اضافے سے ایک کروڑ 55 لاکھ تک پہنچ جائے گی جبکہ گزشتہ سال کی اس مدت کے دوران ایک کروڑ 52 لاکھ کپاس کی گانٹھیں حاصل ہوئی تھیں۔