گورنر سندھ کی اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں

ishrat ul ebad

ishrat ul ebad

اسلام آباد : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اسلام آباد میں صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی، وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیر مذہبی امور خورشید شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے اہم رہنماوں سے ملاقاتیں کیں جن میں ایم کیو ایم کی حکومت میں دوبارہ شمولیت پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اسلام آباد میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کی سندھ ، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت وفاقی حکومت میں دوبارہ شمولیت پر معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے گذشتہ رات صدر زرداری سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی جس میں سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان پاور شیئرنگ کے نئے فارمولے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فارمولے کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ کی وزرات داخلہ اور وزارت بلدیات میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ گورنر سندھ نے کمشنریٹ نظام کے خاتمے اور بلدیاتی نظام کی بحالی پر ایم کیو ایم کے موقف سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کی صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماوں سے ملاقات مفید اور مثبت رہی۔ بعدازاں ڈاکٹر عشرت العباد نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بھی آگاہ کیا۔ ایم کیو ایم کے ذرائع نے بھی حکومت میں واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم کے وزرا وفاقی اور صوبائی حکومت میں اپنی ذمہ داریاں مرحلہ وار کے بجائے ایک ہی مرتبہ عید سے قبل سنبھالیں گے۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری کے دورہ بحرین سے واپسی پرگورنرسندھ ان سے ایک اور ملاقات کریں گے۔