گیاری سیکٹر میں ریسکیو آپریشن چودھویں روز بھی جاری

siachen

siachen

سیاچن : (جیو ڈیسک) گیاری سیکٹر میں تمام تر انتظامی اور موسمی مشکلات کے باوجود پانچ سو جوان اور سویلین چودھویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے 139جوانوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے جس میں 83سویلین سمیت 495 اہلکار ڈمپرز ، ڈوزرز اور ایگزیکویٹرز سمیت 29انجینئرنگ مشینوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔

درجہ حرارت میں اضافے کے نتیجے میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات اور انتظامی مشکلات کے باوجود جوان اور انجینئروں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق گیاری سیکٹر میں ریسکیو آپریشن کو تیز تر کرنے کیلئے مزید ماہرین زمین میں زندگی کے آثار کی نشاندہی کرنے والے ریڈارز کے ہمراہ گیاری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ناروے کے ماہرین نے ارضیاتی سروے مکمل کر کے انجینئرنگ گائیڈنس کے مطابق علاقے کا نقشہ بھی تیار کر لیا ہے جس کی روشنی میں تمام ترجیحی مقامات پر ہر ممکن دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔