گیلانی کے جج بحالی کے حکم کو عدالت میں چیلنج کرنے کی اطلاعات سے ایسا لگتا ہے کہ ملک انتخابات کی جانب نہیں جائیگا ، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات اور انچارج میڈیا سیل پنجاب روحیل اکبرنے کہا ہے کہ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کی جانب سے عدلیہ کی نگرانی میں عام انتخابات کرانے کی الیکشن کمیشن کی درخواست کی منظوری کے بعد حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے جج بحالی کے حکم کو عدالت میں چیلنج کرنے کی اطلاعات سے ایسا لگتا ہے کہ ملک انتخابات کی جانب نہیں جائیگا۔

کیونکہ فوج پہلے ہی خبردار کرچکی ہے کہ اگر ادارے اپنے اپنے حلقوں سے باہر نکلے تو ”نقصان” ہوسکتا ہے اور طاقت کے تینوں منبوں حکومت ‘ عدلیہ اور فوج میں خواہش پرستش میں کئے جانے والے فیصلے اوراقدامات اس بات کے نشاندہی کررہے ہیں کہ ”نقصان ” کی جانب پیشقدمی کا آغاز اوراختیارات کی تکونی جنگ شروع ہوچکی ہے جس میں جیتے گا وہی جس کے پاس زیادہ ٹینک یا بکتر بند گاڑیاں ہوں گی اور حالات بتارہے ہیں کہ سیاسی سینڈی میں اب بہت زیادہ وقت نہیں ہے بلکہ اس طوفان کی شدت کا ادراک قوم کو ایک یا دوہفتے میں ہی ہوجائے گا کیونکہ طوفان، جنم لے چکے ہیں اور اپنے اپنے محور سے نکل کر اپنے ہدف کی جانب بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔