ہیڈلی 35 سال سے زائد سزا کا حق دار تھا : بھارتی وزیر خارجہ

Salman Khurshid

Salman Khurshid

بھارت (جیوڈیسک) بھارت نے ممبئی حملوں میں کردار ادا کرنے پر پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کو سنائی گئی 35 سال کی سزا پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ڈیوڈ ہیڈلی 35 سال سے زائد سزا کا حق دار تھا۔

بھارت ہیڈلی کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر رہا ہے تاکہ اس کے خلاف بھارت میں ممبئی حملوں میں ملوث ہونے پر ملک میں مقدمہ چلایا جا سکے۔ جمعرات کو ایک امریکی عدالت نے ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کو 35 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ شکاگو کی ایک وفاقی عدالت میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ہیری لائنو یبر نے ہیڈلی کو یہ سزا سنائی۔ ہیڈلی کو عمر قید کی سزا ہو سکتی تھی۔

لیکن وفاقی استغاثہ کی طرف سے اسے 30 سے 35 برس کی سزا تجویز کی گئی تھی کیونکہ اس نے اطلاعات فراہم کی تھیں جِن کی بنیاد پر لشکر طیبہ کے پاکستانی دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کے خلاف الزامات عائد کیے گئے تھے۔ نومبر 2008 میں لشکر کے دہشت گردوں نے ممبئی کے ایک ہوٹل، یہودیوں کے ایک مرکز اور دیگر عمارتوں پر تین روز تک قبضہ جمائے رکھا تھا۔ حملے میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے چھ امریکی تھے۔