کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اداکار جاوید شیخ کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے مؤکل کو دباؤ میں لاکر تین کروڑ روپے کے چیک پر زبردستی دستخط کرائے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جاوید شیخ نے سندھ ہائی کورٹ میں جاری کردہ چیکس کو کیش سے روکنے کے لیے درخواست دائر کی، جس پر آج سماعت ہوئی۔
جاوید شیخ کے وکیل خواجہ نوید ایڈوکیٹ نے جج کے سامنے مؤقف اپنایا کہ میرے مؤکل سے چیک دباؤ میں لیے گئے، مدعی کو چیکس بینک میں جمع کرانے سے روکا جائے کیونکہ ان پر زبردستی دستخط کرائے گئے۔
مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ جاوید شیخ نے فلم وجود بنانے کیلیے 3 کروڑ سے زیادہ کا قرض لیا، جس کی واپسی کے لیے جاری کیے گئے چیکس میں سے صرف ایک ہی کیش ہوسکا جبکہ دیگر چیک باؤنس ہونے کی صورت میں جاوید شیخ نے رقم کی گارنٹی دی تھی۔
عدالت نے جاوید شیخ کو چیکس کے مساوی رقم (چیک کے برابر کی رقم) ناظر کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے رقم عدالت میں جمع ہونے کی صورت میں فریقین لین دین کے معاملات طے کرلیں۔ عدالت نے معاملے میں پولیس کو مداخلت سے روک دیا۔