’علیم خان قبول نہیں‘، بزدار نے پرویز الہی کیلئے وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی حامی بھر لی

Parvez Elahi and Usman Bazdar

Parvez Elahi and Usman Bazdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پرویز الہیٰ کے حق میں عہدہ چھوڑنے کو تیار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پارٹی قیادت کو پیغام بھجوایا ہے جس میں انہوں نے صرف پرویز الٰہی کے حق میں وزارت اعلیٰ چھوڑنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے کہا ہےکہ انہیں اور پارٹی کے ارکان اسمبلی کو علیم خان کسی صورت وزیراعلیٰ کے طور پر قبول نہیں ہیں لہٰذا اس منصب پر پرویز الٰہی کو بٹھایا جائے یا ان کو ہی اسی منصب پر رہنے دیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 183 ارکان اسمبلی ہیں اور اسمبلی میں تحریک انصاف کے اتحادیوں کے ساتھ 198 ارکان ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت اتحادی (ق) لیگ کے 10، آزاد 4 اورایک رکن اسمبلی راہ حق پارٹی کا ہے جب کہ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے پاس 173 ارکان اسمبلی ہیں جن میںٰ (ن) لیگ کے 165، پیپلز پارٹی کے 7 اور ایک آزاد رکن اپوزیشن کے ساتھ ہے۔

ذرائع کا کہناہےکہ کسی بھی پارٹی کو پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے 186 ووٹ درکارہوتے ہیں اس لیے جہانگیر ترین گروپ کے 20 ارکان (ن) لیگ کا ساتھ دیں تو بزدار حکومت ختم ہو سکتی ہے۔