تمام سیاسی قوتیں قومی سلامتی کیلئے اٹھ کھڑی ہوں، وزیراعظم

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی پر اعلی سطح کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی پالیسی پر غورکیا گیا ہے، وزیراعظم کہتے ہیں تمام سیاسی قوتیں قومی سلامتی کیلئے اٹھ کھڑی ہوں، وسیع تر قومی اتفاق رائے ہی مسائل کے دیرپا حل کے قابل بنائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہواجس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے اجلاس کو ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی جبکہ کراچی میں امن وامان کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اعلی سطح کے اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سمیت قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال جبکہ انسداد دہشت گردی پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مشاورتی عمل مکمل کرنے کے بعد ہی امن و امان سے متعلق حتمی حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار امن کیلئے مذاکرات پہلی ترجیح ہونی چاہیئے اور تمام سیاسی قوتیں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کریں، وزیراعظم نے کہاکہ قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح جس کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔