ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

 Pakistan Hockey

Pakistan Hockey

ڈھاکا (اصل میڈیا ڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ 13ویں منٹ میں ایک گول کی برتری بھی حاصل کر لی لیکن اگلے ہی منٹ میں پاکستان کی جانب سے ندیم احمد نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

پھر دوسرے کوارٹر میں ٹیم پاکستان نے حریف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کیے ، پے در پے 3 گول بھی داغ دیے۔

تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم اٹیک کرتی رہی اور مزید دوگول کر دیے جبکہ ہوم ٹیم نے بھی ایک گول کیا تاہم مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ پاکستان نے 2-6 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان کی جانب سے ندیم احمد اور اعجاز احمد نے دو، دو گول اسکور کیے۔

واضح رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ منگل کو جنوبی کوریا سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جاپان کی ٹمیں مد مقابل ہوں گی۔