اضلاع کی خبریں 26.10.2013x3C

ایک ماہ گزرنے کے باوجود قتل کے نامزد ملزم آزاد
گوجرانوالہ (جی پی آئی)ایک ماہ گزرنے کے باوجود قتل کے نامزد ملزم آزاد’جبکہ پولیس نے مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر بااثر ملزمان کو بیگناہ قرار دیدیا’تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ بوریانوالی میں عرصہ تقریبا ایک ماہ قبل محنت کش یاسر محمود کو نہایت بے دردی سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جس کا مقدمہ آصف کی مدعیت میں419/13تھانہ صدر کھاریاںمیں درج کیا گیا ‘جو کہ ملزمان کا قریبی عزیز ہے ‘یاسر محمود کے اہل خانہ نے ایڈیشنل سیشن جج کھاریاں کو ایک رٹ پٹیشن دائر کی کہ مقدمہ میں ہمیں مدعی بنا یاجائے عدالت کے احکامات کی روشنی میں مقتول یاسر محمود کی ہمشیرہ فرزانہ کوثر کو مقدمہ کا مدعی بنا کر پولیس کو دوبارہ ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کیے’مقدمہ کی انکوائری میں سب انسپکٹر خالد کھرل دونوں فریقین کا موقف سنے بغیر ایف آئی آر کے نامزد ملزمان ذکیہ بی بی ‘عظمت ‘اقبال وغیرہ کو مبینہ طور پر لاکھوںروپے رشوت لیکر بے گناہ قرار دے دیا۔”میڈیا” سے بات چیت کرتے ہوئے مقتول یاسر کے بوڑھے والد نے کہاکہ میرے بڑھاپے کا واحد سہارا بھی ظالموں نے مجھ سے چھین لیا اب میرا اس دنیا میں کوئی پرسان حال نہیں’جبکہ مقتول کی بچیوں نے اپنے باپ کی تصویر اٹھاتے ہوئے ملزمان کیخلاف احتجاج کیا اور کہاکہ ہم وزیراعلی پنجاب سے اپیل کرتی ہیں کہ ہمیں ہمارا پایا واپس لٹا دو یا پھر ہمارے پایا کے قاتلوںکوکڑی سے کڑی سزا دی جائے ‘جس پر مقتول یاسر محمود کے اہل خانہ شدید
احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف’آر پی او گوجرانوالہ سعد بھرانہ سمیت دیگر تمام پولیس کے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی مثالی معاشرے کے قیام کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کی تعلیمات پر عمل کریں
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمیعت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی مثالی معاشرے کے قیام کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کی تعلیمات پر عمل کریں۔خلفائے راشدین کا طرز حکومت،سنہری کارنامے اور فتوحات مسلمان حکمرانوں کیلئے بہترین نمونہ عمل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد انوار مدینہ میں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ مظلوم مدینہ شہادت عثمان غنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرور حیدری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، حافظ محمد رفیق قادری، قاضی محمد یعقوب رضوی، مولانا بدرالزمان تارڑ، محمد یونس مہر، قاری محمد اعظم چشتی،حافظ آصف اویس، حافظ محمد سعید ودیگر نے خطاب کیا۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ داماد رسول حضرت سیدنا عثمان غنی کی تعلیمات اور روشن کردار ملت اسلامیہ کیلئے مینارہ نور ہے۔آپ جامع القرآن،شرم و حیا کے پیکراور اسلامی تاریخ کی عہد آفرین شخصیت ہیں۔حضرت سیدنا عثمان غنی سخاوت کے تاجدار اور حیاء و وفاکے بادشاہ تھے۔آپ نے دین اسلامی کی اشاعت و سربلندی کے لیے اپنا مال پانی کی طرح بہایا۔آپ نے مدینہ المنورہ میں امن کی خاطر جان قربان کر دی۔روئے زمین پر سوائے حضرت عثمان غنی کے کسی کو یہ سعادت حاصل نہیں ہوئی کہ جس کے نکاح میں نبی کی دو بیٹیاں آئیں ہوں۔حضرت سیدنا عثمان غنی کی شہادت امت مسلمہ کو اغیار کی سازشوں سے ہوشیار رہنے اور باہمی امن اخوت و اتحاد کو درس دیتی ہے۔آپ کی سیرت و کردار مسلم
حکمرانوں کیلئے مشل راہ ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خلفاء راشدین کے ایام وفات و شہادت کو سرکاری سطح پر منایا جائے اور امن وامان کیلئے مقدس ہستیوں کی عزت و عظمت کا قانون بنایا جائے۔دین اسلام کی اشاعت و سربلندی کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم کے دورہ پر 1.6 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان امریکہ کی جانب سے خیر سگالی کا تحفہ ہے :ملک احسان گنجیال
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چیئرمین امن کمیٹی پنجاب ملک احسان گنجیال نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو امریکہ کے کامیاب دورہ پر انہیں مباد کباد دیتے ہو ئے اپنے بیان میں کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کے تناظر میں وزیراعظم نوازشریف اور صدر باراک اوبامہ کے مذاکرات انتہائی کامیاب رہے اس سے پاکستان کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کی راہیں کھلیں گی۔ نواز شریف نے جس جرآت مندی اور دو ٹوک انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جس شدومد سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ اٹھایا امریکہ کوپاکستانی مطالبہ ماننا ہی پڑے گا۔ وزیر اعظم نے عافیہ صدیقی اور شکیل آفریدی کے معاملہ پر جرآ ت مدانہ موقف اختیار کیا۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے امریکی صدر بارک اوبامہ سے مذاکرات کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ا وزیراعظم محمد نوازشریف نے امریکی صدر بارک اوبامہ کے ساتھ پاکستان میں دہشت گردی،توانائی بحران اور بھارت سے تعلقات کے حوالے سے اپنا بھرپور موقف پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ کے باعث 45ہزار پاکستانی شہید ہوئے اور 100ارب ڈالر کا معیشت کو نقصان پہنچالیکن امریکہ نے اس کے بدلے میں گزشتہ دس برس میں صرف 25ارب ڈالر امداد دی۔پاکستان کو امریکہ سے اب اسی صورت میں فائدہ پہنچ سکتا ہے اگر وہ پاکستان کے 72ارب ڈالر کے قرضے معاف کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران ہر فورم پر ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھایا:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران ہر فورم پر ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کشمیر، ڈرون حملے، بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت سمیت دیگر ملکی سلامتی کو لاحق خطرات بارے امریکی صدر کو ٹھوس ثبوت دئیے، ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ انتخابات کی خاطر خطے کا امن و امان خراب نہ کریں۔ بھارت صرف اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے چھیڑ چھاڑ کررہا ہے۔ ہم بھارت کی طفیلی ریاست نہیں کہ اسکی مرضی کے مطابق اقدامات کریں اگر بھارت کی حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو خطے سمیت علاقائی امن کی تباہی کا ذمہ دار بھارت ہو گا۔ عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے اسکی رہائی کیلئے ہرممکن کوشش کرینگے مسلم لیگ (ن) ملک کی ترقی خوشحالی اور امن کی ضامن ہے ہم ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کی عملی تعبیر بنائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم نوازشریف امریکہ کے دورے سے امریکی ایجنڈہ لے کر واپس آ رہے ہیں
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف امریکہ کے دورے سے امریکی ایجنڈہ لے کر واپس آ رہے ہیں وزیراعظم نوازشریف اپنے دورہ امریکہ میں ڈرون حملے بند کروانے، عافیہ صدیقی کو رہا کروانے سمیت مسئلہ کشمیر پر کوئی پیشرفت کروانے میں ناکام رہے ہیں۔ جن مقاصد کیلئے یہ دورہ کیا گیا وہ مقاصد اس
ایجنڈے میں شامل ہی نہیں تھے، انہوں نے کہا کہ یہ دورہ صرف ایک فوٹو سیشن تھا۔ وزیراعظم نے جان کیری، جوبائیڈن سمیت دیگر لیڈروں سے ملاقات کرکے اپنے قد کو گھٹایاہے کیونکہ امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی اور نہ ہی کوئی معاشی اور اقتصادی لحاظ سے کوئی نئی بات سامنے آئی ہے، انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات میں ثابت ہو جائے گا کہ پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دورہ امریکہ جس کا کافی عرصے سے مسلم لیگ ن نے شور مچا رکھا تھا
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر شوکت بسرا نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ جس کا کافی عرصے سے مسلم لیگ ن نے شور مچا رکھا تھا اپنے اختتام کو پہنچا اور میاں نوازشریف صاحب خالی ہاتھ لوٹ آئے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا مشترکہ اعلامیہ میں ان باتوں کا کہیں ذکر تک نہیں ہے جو پاکستانی عوام کیلئے باعث حیرت ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو جو مالی امداد دی ہے وہ نقصان کے مقابلے میں عشر عشیر بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے لندن پہنچ کر میڈیا کے سامنے یہ بیان دیا ہے کہ ”ڈرون حملے وار کرائم کے زمرے میں نہیں آتے اور وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے ساتھ اتفاق نہیں کرتے” انکا یہ بیان شرمناک ہے اور پوری قوم حیران ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم رکی ہوئی امداد کی بحالی کے لئے امریکہ گئے تھے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)رکن صوبائی اسمبلی وپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نوازاوباما ملاقات سے کوئی بڑا بریک تھرو سامنے نہیں آیا۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ نوازشریف حکومت نے ڈرون حملوں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ایشوکوسیاست کی نذر کردیا ہے۔امریکی صدر نے جماعت الدعوةاور عافظ سعید کے حوالے سے اپنے مفادات کی بجائے بھارتی خواہشات کو مدنظر رکھا۔دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے دنیاکے سامنے باور کرانا چاہئے تھا۔عملاً یہ نظر آتا ہے کہ جیسے وزیر اعظم نوازشریف صرف رکی امداد کی بحالی کے لئے امریکہ گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں کے حوالے سے پاکستانی حکمرانوں کا شرمناک کردار کھل کر18کروڑ عوام کے سامنے آچکا ہے۔ایسے تمام افراد جنہوں نے ڈرون حملوں کی غیر اعلانیہ اجازت دی،ملک کی عزت،وقار اور سلامتی کو دائوپر لگایا قومی مجرم ہیں ان سے آئین و قانون کے مطابق سلوک کیاجاناچاہئے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا جاچکا ہے کہ330ڈرون حملوں میں400سے زائد بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔آج جماعت اسلامی کے موقف کی تائید ہوگئی ہے کہ” ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پر سوالہ نشان ہیںانہیں بند ہوناچاہئے۔امریکہ نہ کبھی پاکستان کا دوست تھااور نہ ہی کبھی بن سکتا ہے”۔انہوں نے کہاکہ 1948سے لے کرآج تک66برسوں میں امریکہ نے68ارب ڈالر کی امدادپاکستان کو دی جبکہ امریکی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے والی نام نہاد جنگ کی وجہ سے ہمارا100ارب ڈالر کا نقصان ہواہے۔اس بھاری نقصان کے باعث پاکستان کے ذمے قرضے 80ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔امریکہ کی جانب سے ملنے والے68ارب ڈالر میں سے معاشی امداد کی مد میں42ارب ڈالراور26ارب ڈالر فوجی امداد کی گئی۔1947میں برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کرنے والی قوم کو امریکہ نے1948میں7لاکھ70ہزار ڈالر کی امداددے کر پھر سے غلام بنالیا جس کاسلسلہ آج تک جاری ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ جب تک حکمران کشکول لے کر دنیا کا چکر لگانے کا سلسلہ بند نہیں کریں گے ملک وقوم خوشحالی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ چین،ایران اور ترکی جیسے ممالک پاکستان سے بہت بڑے ہونے کے باوجود ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ہمیں بھی اپنے وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کوعملدرآمد کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں…بلال یٰسین
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی اور وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین کی زیر صدارت آج سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،وزیر زراعت یاور زمان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری صنعت ، سیکرٹری خوراک،سیکرٹری زراعت اور تمام اضلاع کے ڈی سی اوز موجود تھے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ آٹے کی قیمت میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیااور عام مارکیٹ میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا785 روپے میں دستیاب ہو گا اور ڈی سی اوز 100 گرام روٹی کی فروخت کو یقینی بنائیںاورروٹی کے وزن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ اشیاء کی قیمتوں اور طلب کو مانیٹر کرنے کے لئے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ روزہ مرہ ضرورت کی استعمال کی اشیاء کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے مجسٹریٹوں کو فعال اور متحرک کریں ۔انہوں نے کہا کہ سبزی وفروٹ منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کے وقت سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کی موجودگی لازمی ہو۔مارکیٹ کمیٹی جو قیمتیں مقرر کرے اسی پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی مقرر کردہ قیمتوں کی فہرستیں ڈی سی اوز کے پاس صبح آٹھ بجے تک پہنچ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کے کارڈ نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیںاور عوام کی آسانی کے لئے مقررہ کردہ نرخ الیکٹرانک میڈیا اور لوکل کیبل نیٹ ورک پر نشر کئے جائیں۔اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی سی اوز مہنگائی اور نا جائز منافع خوری کوروکنے اور مارکیٹ میں تھوک اور پرچون کے فرق کو کم کرنے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو بجلی اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اعتدال میں رکھنے کے لئے کمیٹیوں کو مزید فعال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے 19 اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مانیٹر کرتی تھیں اب ان میں مزید 10 اشیاء خوردونوش کا اضافہ کیا گیا جس میں پھل اور سبزیاںبھی شامل ہیں۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں جن کی تعداد پنجاب میں 136 ہے میں سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی،ضلعی انتظامیہ کا آفیسر اور ای ڈی او ایگری کلچر صبح مارکیٹ کمیٹی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا تعین کریں گے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں کو مانیٹر کریں گے اور ای ڈی او ایگری کلچر مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی طلب ورسد کو بھی مانیٹر کریں گے۔ پولٹری اور دودھ کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے جبکہ اشیاء کی قیمتوں پر پندرہ یوم بعد متعلقہ ضلع کے ڈی سی او کی سربراہی میں نظر ثانی کی جائے گی تاکہ عوام کو اشیاء خوردونوش کی فراہمی سستے داموں جاری رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گراس روٹ لیول تک عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کا ہونا از حد ضروری ہے :سید منور حسن
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول تک عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کا ہونا از حد ضروری ہے ۔ یہ ہمارا قومی المیہ ہے کہ ہر منتخب حکومت نے ان انتخابات سے پہلو تہی کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومتوں اور الیکشن کمیشن کو پابند کیاہے جس پر عمل ہوناچاہیے ۔ کارکن عوام کوموجودہ حکومت کے ظلم و جبر سے نجات دلانے کیلئے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیار ی کریں اورعوام ملک میں جمہوریت کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کے چنگل سے نکال کر ملک و قوم کی خیر خواہ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں ۔جب تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی نورا کشتی جاری ہے ملک میں جمہوریت پنپ سکتی ہے نہ عوام کے حقیقی نمائندے برسراقتدار آسکتے ہیں ،دونوں نام نہاد سیاسی جماعتیں 40سال سے عوام کا استحصال کررہی ہیں ،ایک دوسرے کی کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دینے کیلئے لٹیروں کے درمیان خفیہ معاہدہ ہے ۔بلدیاتی ادارے جمہوریت کی پنیری ہیں جن کے ذریعے بہتر عوامی قیادت کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ،جماعت اسلامی پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے واپس منصورہ پہنچنے پر ذمہ داران اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منورحسن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے مزید مہلت دینے کی حکومتی استدعا کو مسترد کردینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی روائت رہی ہے کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے اور دونوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بلدیاتی اداروںاور مقامی حکومتوں کے نظام کو پنپنے نہ دیا جائے ،دونوں پارٹیوں میں موجود وڈیروں ،جاگیر داروں اور سرمایہ داروں نے ملک کے سیاسی نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے ،دونوں پارٹیوں میں چاچے بھتیجے اور مامے بھانجے کی باریاں لگی ہوئی ہیں ،چچا اقتدار چھوڑتا ہے تو بھتیجابرسراقتدار آجاتا ہے اس طرح دونوں ایک دوسرے کی کرپشن کو چھپانے اور اسے
تحفظ دینے میں لگے رہتے ہیں ،سید منورحسن نے خیبر پختونخواہ حکومت کو بھی متوجہ کیاہے کہ جلداز جلد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تاکہ عوام کونچلی سطح تک اپنے نمائندوںکے انتخابات کا موقع مل سکے ۔سید منورحسن نے کہا کہ عوام عدالت عظمی کے فیصلوں پر کماحقہ عمل درآمد ہوتا دیکھنے کے متمنی ہیں ،پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عدلیہ کے فیصلوں کی جس طرح مزاحمت کی اور اپناپورا دورعدلیہ سے تصادم اور محاذ آرائی میں گزارا امید ہے مسلم لیگ ن اس تاریخ کو دہرانے سے اجتناب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات کی پابندی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے کامسیٹس انسٹیٹیوٹ ساہیوال کیمپس میں ”ہیریٹج سٹڈی سنٹر”کے قیام کا فیصلہ کیا
لاہور(جی پی آئی)محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے کامسیٹس(COMSATS) انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساہیوال کیمپس میں ”ہیریٹج سٹڈی سنٹر”کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب اور کامسیٹس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب صوبائی وزیر تعلیم،سپورٹس اور آرکیالوجی رانا مشہود احمد خاں کی موجود گی میں آج پنجاب سپورٹس بورڈ کے صوبائی دفتر میں منعقد ہو ئی۔ایم او یو کے مطابق کامسیٹس انسٹیٹوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ساہیوال کیمپس میں بی ایس (لبرل آرٹس) کا دو سالہ عمومی کورس شروع کیا جارہا ہے جس کی تکمیل پر مزید دو سال کے لئے سٹوڈنٹس کو ہسٹری،آرکیالوجی ،ریجنل جیوگرافی ،آرتھوپالوجی ،ٹورزم اور جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS)میں سپیشلائزڈ کورسسز کرائے جائیں گے۔صوبائی وزیر آرکیالوجی رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیب وثقافت کا امین ہے جو وادی سندھ کی تہذیب کہلاتی ہے اورہڑپہ اس تہذیب کے سب سے بڑے مرکز کا نام ہے جسے آج سے ساڑھے چار ہزار سال پہلے ”عروس البلاد”یعنی شہروں کی دلہن کہا جاتا تھا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سابقہ حکومتیں ہڑپہ جیسے انتہائی اہم تہذیبی ورثے کی اس طریقے سے حفاظت نہیں کر سکی ہیں جو ہمارے اس قومی اثاثے کا حق بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زندہ قوموں کے شاندار ماضی سے منسوب اثاثوں کو پیسے میں نہیں تولا جا سکتا۔یہ آثار قدیمہ ہمارافخر اور ہماری تہذیبی شناخت ہیںجن کی اہمیت اور قدرو قیمت ہم سے زیادہ ہمارے خطے سے ہزاروں میل کے فاصلے پر یورپ کے عجائب گھروں میں محسوس کی گئی ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ 130 -ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے پاکستان کے قدیم ترین شہر ہڑپہ کے آثار اس لئے بربادی کا شکار ہورہے ہیں کہ مقامی لوگوں نے مختلف ادوار میں ان کھنڈارت سے کثیر تعداد میں اینٹیں نکال کر ان سے اپنے مکانات تعمیر کر لئے اورکھنڈرات کی حدود میں واقع340 کنال اراضی کو آج بھی کھیتی باڑی کے لئے استعمال میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے تاریخی اہمیت کے اس340 کنال رقبے کو قابضین سے واگزار کروانے کے لئے 18 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی ہے جس میں ہڑپہ سائیٹ پر چار دیواری تعمیر کرنے کے اخراجات بھی شامل ہیں۔صوبائی وزیر آثار قدیمہ نے کہا کہ کامسیٹس انسٹیٹیوٹ ساہیوال کیمپس میں ساری دنیا سے آثار قدیمہ کے ماہرین کو آنے کی دعوت دی جائے گی اور وہاں ان کے قیام کے لئے بھی مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ہڑپہ کے کھنڈرات میں مزید کھدائی کا عمل جدید ترین سائنسی انداز میں کیا جا سکے۔حکومت پنجاب تحقیق کاروں کو یہاںسکیورٹی سمیت تمام ضروری سہولتیں دے گی۔رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کو پورے صوبے کی ”ہسٹوریکل میپنگ ”کرنے کا حکم دیا ہے کیونکہ پنجاب کے چپے چپے پر تاریخی اہمیت کے واقعا ت کی چھاپ موجود ہے۔ہم ہر اس جگہ پر تاریخی حوالے سے اہم ایونٹس کی یادگار تعمیر کریں گے جہاں ماضی میں کوئی قابل فخر معرکہ برپا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کم از کم 450 ہیریٹج سائٹس دریافت ہو چکی ہیں اور میں نے امور نوجواناں اور تعلیم کا وزیر ہونے کے ناطے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہر علاقے کے مقامی تعلیمی اداروں میں ہیریٹج کلب قائم کروائوں گا۔