اذلان شاہ کپ،پاکستان اور ملائیشیا کا مقابلہ دو2گول سے برابر

Hockey

Hockey

پاکستان (جیوڈیسک)اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر رہا۔۔۔ جس کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے ۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ تھا میزبان ملائیشیا سے۔ جس میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ میزبان ٹیم نے میچ کے چھٹے منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کرکے سبقت حاصل کرلی تھی، لیکن پندرھویں منٹ میں محمد عمران نے پینلٹی کارنر پر پاکستان کی جانب سے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ پھر دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن اس ہاف میں مزید کوئی اور گول نہ ہوسکا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ملائیشیا نے ایک بار پھر برتری حاصل کرلی۔ لیکن کھیل ختم ہونے سے آٹھ منٹ پہلے شفقت رسول نے گول کرکے پاکستان کو ممکنہ شکست سے بچالیا اور یہ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ جس کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑ سے مکمل باہر ہوگیا ہے۔ اب پاکستان ہفتے کو اپنا آخری میچ جنوبی کوریا سے کھیلے گا۔