بلوچستان میں زرعی ٹیکس لگانے، سرداری نظام کے خاتمے کا اعلان

 Agricultural Tax

Agricultural Tax

اسلام آباد (جیوڈیسک) بلوچستان کی حکمران جماعت نے زرعی ٹیکس لگانے اور سرداری نظام ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ عوامی پارٹی، پاکستان نیشنل پارٹی میں ضم ہو گئی۔ دونوں جماعتوں میں دس نکاتی معاہدہ ہو گیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو نے بتایا کہ دونوں جماعتوں میں انضمام کیلیے دس نکاتی معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت پاکستان کو خود مختار فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔

ریاست کا ڈھانچہ وفاقی جمہوری ہو گا، فوج سمیت تمام اداروں کو عوام کے کنٹرول میں دیا جائیگا۔ غیر ضروری عسکری اخراجات میں کمی کی جائے گی، آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے گی، جاگیرداری اور سرداری نظام کا خاتمہ کیا جائیگا، زرعی ٹیکس لگایا جائے گا۔

سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ ملک کی تمام تر خرابیوں کے ذمہ دار ضیا الحق اور پرویز مشرف کو بیس بیس مرتبہ پھانسی دی جائے تو بھی کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ براہمداغ بگٹی سے مذاکرات کرنے کی کوشش کریں گے وہ راضی نہیں ہوتے تو کوئی علاج نہیں۔

تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے آباد قوموں کو اپنے صوبے بنانے کا حق دیا جائے۔