بینکوں پر وزیراعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام میں شرکت پر زور

State Bank

State Bank

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر یاسین انور نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے موثراستعمال کے ذریعے اور آگہی پیدا کرکے ایس ایم ای فنانس کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

وہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک میں تمام بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں کے صدور و سی ای اوز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کاروباری حکمت عملی کی اس طرح تشکیل نو کریں کہ ہونہار نوجوان میرٹ کی بنیاد پر اپنا کاروبار شروع کرنے یا اس میں توسیع کے لیے مالکاری حاصل کر سکیں۔

حال ہی میں اعلان کردہ وزیر اعظم کے یوتھ بزنس لونز پروگرام کا، جو ابتدا میں نیشنل بینک اور فرسٹ ویمن بینک کے ذریعے شروع کیا گیا ہے حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے تمام بینکوں پر زور دیا کہ وہ نئے نوجوان کاروباریوں کی وسیع مارکیٹ جس سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا گیا کے پیش نظر اسکیم میں شرکت کریں۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کو چاہیے کہ وہ 29 نومبر 2013 کو جاری کردہ اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی اقدام کے تحت اپنی سالانہ رپورٹوں میں ایسی مالکاریوں کو رپورٹ کریں۔