درگاہ عالیہ بری امام شریف

Bari Imam Sharif

Bari Imam Sharif

سید عبدالطیف کاظمی قادری سلسلہ سے ہیں، آپ بری امام کے لقب سے زیادہ مشہور ہیں آپ کا دربار پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی گاؤں نور پور شاہاں میں واقع ہے۔ جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ سید عبدالطیف کاظمی قادریکے والد کا نام سید محمود شاہ کاظمی ہے سید محمود شاہ کاظمی کا دربار پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آبپارہ کے مقام پر واقع ہے۔

سید عبدالطیف کاظمی قادری سولہ سو سترہ عیسوی اور دس سو چھبیس ہجری میں چکوال کے ایک گاؤں کرسال میں پیدا ہوئے سید عبدالطیف کاظمی قادری کے والد سید محمود شاہ کاظمی اپنے پورے خاندان سمیت ہجرت کرکے باغان گئے جو اب آبپارہ کے نام سے مشہور ہے۔ سید عبدالطیف کاظمی قادری غور غستی(اٹک) گئے جہاں پر دوسال قیام کے دوران آپ نے فقہ، حدیث، منطق، ریاضی اور علم طب کے متعلق سیکھا کیوں کہ اس دور میں غور غستی(اٹک) علم کا مرکز جانا جاتا تھا۔

سید عبدالطیف کاظمی قادری بچپن میں مویشی چرایا کرتے تھے ایک بار آپ مویشی چرانے لے کر گئے آپ نے مویشیوں کو کھلا چھوڑ دیا کہ مویشی چرلیں اور خود درخت کے نیچے آرام کرنے لگے آپ کے مویشی چرتے ہوئے کھیتوں میں گھس گئے اور فصل کو نقصان پہنچایا آپ مویشی لے کر واپس آگئے اتنے میں کھیت کا مالک بھی آپہنچا اس نے آپ کے والد صاحب کو شکایت لگائی کہ آپ کے مویشیوں نے میری فصل تباہ کردی ہے اور میرے پاس چشم دید گواہ بھی موجود ہیں جنہوں نے خود مویشیوں کو کھیت میں گھس کر فصل کو تباہ کرتے دیکھا اس پر سید عبدالطیف کاظمی قادری نے جواب دیا کہ فصل کو کسی نے تباہ نہیں کیا۔

فصل بالکل ٹھیک ہے یہ سن کر کھیت کے مالک نے آپ کے والد صاحب سے کہا کہ آپ خود جا کر کھیتوں کی حالت دیکھیں جب آپ کے والد صاحب کھیتوں میں پہنچے تو وہاں کا نظارہ کچھ اور تھا کھیت لہلہا رہے تھے اور فصلیں بھی بالکل ٹھیک تھیں یہ نظارہ دیکھ کہ کھیت کا مالک حیران رہ گیا کہ اس نے جب دیکھا اس وقت کھیتوں کی حالت اور تھی اور اب اور ہے کھیت کا مالک اپنی بات پر پشیمان ہوا اور معافی مانگ کر واپس چلا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ پیدائشی ولی تھے۔سید عبدالطیف کاظمی قادری ایک بار پتھر پر بیٹھے اللہ کا ذکر کر رہے تھے کہ اس علاقے سے بادشاہ وقت اورنگزیب عالمگیر کا اپنی فوج کے ساتھ گزر ہوا رات ہونے کی وجہ سے اورنگزیب عالمگیر نے فوج کو پڑاؤ کا حکم دیا۔

Aurangzeb Alamgir

Aurangzeb Alamgir

لنگر کی تیاری کا بھی حکم دیا جب لنگر تیار ہوا تو اورنگزیب عالمگیر نے حکم دیا کہ تمام علاقے کے عوام کو بھی کھانے میں شرکت کی دعوت دی جائے حکم کے مطابق لوگ کھانے کے لیے آگئے اور کھانا شروع کر دیا اس اثنا میں چند سپاہی اورنگزیب عالمگیر کے پاس حاضر ہوئے اور شکایت لگاتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے آپ کا حکم ماننے سے انکار کردیا ہے یہ سن کر اورنگزیب عالمگیر برہم ہوا اور بولا کہ جاؤ اور دوبارہ انہیں ہمارا حکم سناؤ سپاہی چلے گئے اور تھوڑی دیر بعد جب لوٹے تو انہوں نے دوبارہ وہی جواب دیا جسے سن کر اورنگزیب عالمگیر نے سپاہیوں سے کہا کہ ہم خود جاکر اس شخص کو ملنا چاہتے ہیں۔

جب اورنگزیب عالمگیر سید عبدالطیف کاظمی قادری کے پاس پہنچا تو تحکمانا انداز میں سید عبدالطیف کاظمی قادری سے مخاطب ہوا ”کیا وہ تم ہی ہو جس نے ہمارا حکم ماننے سے انکار کیا ہے” سید عبدالطیف کاظمی قادرینے جواب دیا ”ہاں وہ میں ہی ہوں” اس پر اورنگزیب عالمگیر بولا ”کیا تم نہیں جانتے کہ ہم بادشاہ وقت ہیں اور تم ہماری جاگیر میں موجود ہو” سید عبدالطیف کاظمی قادری نے جواب دیا ”تم جو بھی ہو جاگیر صرف اللہ کی ہے اور اگر تمہیں جاگیر دیکھنے کا بہت شوق ہے تو ہمارے ساتھ اس پتھر پر بیٹھو” جب اورنگزیب عالمگیر بیٹھا تو اسے پانے چاروں طرف ہیرے جواہرات سے بنادربار نظر آیا اور پتھ جس پر سید عبدالطیف کاظمی قادری بیٹھے تھے وہ ایک بہت خوبصورت تخت کی صورت میں نظر آیا” تو اورنگزیب عالمگیر سید عبدالطیف بھٹائی کاظمی قادری سے بولا ”مجھے معاف کیجئے گا۔

میں آپ کو نہیں پہچان سکا تھا اس لیے آپ سے گستاخی کر بیٹھا تھا” یہ سن کر سید عبدالطیف کاظمی قادری نے اورنگزیب عالمگیر کو معاف کیا اور اس کے حق میں دعا بھی فرمائی۔سید عبدالطیف کاظمی قادری نے بہت سے علاقوں کا دورہ کیا جن میں کشمیر، بدخشاں، بخارا، مشہد، بغداد اور دمشق شامل ہیں۔

آپ حج کی غرض سے مکہ مکرمہ بھی گئے۔سید عبدالطیف کاظمی قادری نے نور پور شاہاں میں قیام کے دوران اسلام کی تعلیمات کے ذریعے لاتعداد ہندوؤں کے دلوں میں اسلام کی شمع کو روشن کیا۔آپ کا دربار پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی گاؤں نور پور شاہاں میں واقع ہے۔ جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں آپ کا دربار اورنگزیب عالمگیر نے اپنے دور حکومت میں تیار کروایا۔

M.A.TABASSUM

M.A.TABASSUM

تحریر: ایم اے تبسم (لاہور)
مرکزی صدر،کالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی)
Email: matabassum81@gmail.com,0300-4709102