بینظیر بھٹو کی چھٹی برسی آج منائی جائے گی

Benazir Bhutto

Benazir Bhutto

گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی شہید قائد بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی آج منائی جائے گی۔ مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت اہم رہنما شرکت کریں گے۔

بے نظیر بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی جہاں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جلسہ گاہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مزار سمیت گڑھی خدا بخش آنے والے راستوں کو پارٹی جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔

سیکورٹی کے لئے چھ ہزار پولیس اور ایک ہزار رینجرز کے اہلکار تعینات ہونگے۔ واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے کارکنوں کے لیے مختلف استقبالیہ اور طبی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ صبح نو بجے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مزار پر قرآن خوانی کی جائے گی جس کے بعد اجتمائی دعا اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔

دوپہر دو بجے مرکزی قائدین کا خطاب شروع ہو گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری بھی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سابق صدر نے بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کے ہمراہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔