کالا قانون ختم نہ کرتے تو نواز شریف وزیراعظم نہ بنتے

Makhdoom Amin Fahim

Makhdoom Amin Fahim

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ پاکستانی ایجنسیاں بھی مبارکباد کی حقدار ہیں، تفصیل میں نہیں جائوں گا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مخدوم امین فہیم کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے آمروں کی ترامیم کو ختم کیا۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے کالے قانون ختم نہ کرتے تو میاں محمد نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم نہ بنتے۔

ہم نے آمروں کے ہتھیار 58 ٹو بی کو توڑ دیا۔ پیپلز پارٹی نے سوچ سمجھ کر ترامیم کروائیں تھیں۔ 18ویں، 19 ویں اور 20 ویں ترمیم پیپلز پارٹی کا کریڈٹ ہیں۔ آج ایک سول حکومت دوسری کو اختیارات سونپ رہی ہے۔ ہر قدم آئین کے تحت اٹھائیں گے اور حکومت کے اچھے اقدامات کی حمایت کریں گے۔ مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔

جمہوریت نے اپنے پائوں جما لئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو دہشتگردی، لوڈشیڈنگ اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی حکومت تمام مسائل خصوصا عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کامیابی پر میاں محمد نواز شریف اور ان کی جماعت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔