رشوت لینے کے الزام میں سی ڈی اے ملازم، پراپرٹی ڈیلر کا ریمانڈ

Bribery

Bribery

اسلام آباد (جیوڈیسک) سی ڈی اے میں 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سکینڈل میں رشوت لینے کے الزام میں آئی ایٹ کا پراپرٹی ڈیلر اور سی ڈی اے ملازم کو ایف آئی اے نے ڈیوٹی مجسٹریٹ اسلام آباد کی عدالت میں پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا جبکہ ایک ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا، ایف آئی اے نے آئی ایٹ کے پراپرٹی ڈیلر اور سی ڈی اے کے ٹائوٹ غلام سرور گوندل اور سی ڈی اے کے ملازم ذوالفقار کو گرفتار کیا تھا

گزشتہ روز ایف آئی اے نے ملزموں کو عدالت پیش کیا اور مزید تفتیش کیلئے ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے غلام سرور گوندل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ سی ڈی اے کے ملازم ذوالفقار کو اڈیالہ جیل روانہ کر دیا۔

یاد رہے کہ اس سکینڈل میں 20 کروڑ روپے کی اراضی کی قیمت ادا کرنے کا تنازع چل رہا تھا جس میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ ندیم، تحصیلدار یاسر شاہ، پٹواری راشد اور غضنفر گوندل کیخلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے دو ملزموں کو گرفتار کیا تھا جبکہ ڈائریکٹر لینڈ ندیم سمیت باقی کی گرفتاری تاحال نہیں کی گئی۔