’بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا‘

 Dr. Waqar Masood

Dr. Waqar Masood

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا ہےکہ آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

فیض اللہ کموکا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر کام کررہے ہیں، اتفاق رائے سے آئندہ بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا اور آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 5 فیصد رکھا گیا ہے، بجٹ میں مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد اور بجٹ خسارہ 6.3 فیصد رکھا گیا ہے جب کہ ملکی مجموعی قرضہ جی ڈی پی کے 81.4 فیصد کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ملکی معیشت کا حجم 54 ہزار 341 ارب ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وقار مسعود نے بتایا کہ آئی پی پیز کی ادائیگیوں اور پاور سیکٹر کیلئے سبسڈیز جاری رہیں گی، مالی سال 2021-22 میں 7 ہزار 989 ارب روپے گراس ریونیو کا ہدف رکھا گیا ہے، رواں مالی سال کا مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 7.3 فیصد ہے، رواں مالی سال 4100 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا، امید ہے رواں مالی سال 4700 ارب روپے ٹیکس اکٹھا ہوگا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ابھی بھی دباؤ میں ہے، خوراک کی مہنگائی کے حوالے سے آئی ایم ایف سہولت دے گا، کورونا کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے4 جائزے تعطل کا شکار رہے، آئی ایم ایف کی باقی شرائط پر عملدرآمد کیا جائے گا۔