ضمنی انتخابات سے قبل وزیراعظم کا خطاب غیر مناسب: اعتزاز

Aitzaz

Aitzaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا ضمنی انتخابات سیقبل قوم سے خطاب غیر مناسب تھا۔ نیلم جہلم پاور ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ بھی حسب منشا ہی دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم کے قوم سے خطاب کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ پاکستان میں کون سی جنگ چھڑ گئی تھی جو قوم سے خطاب کرنا پڑگیا۔؟ وزیراعظم کا دہشتگردی کے خلاف جنگ پر موقف بھی مبہم تھا۔ نندی پور پراجیکٹ پر چار سو ملین ڈالرز کی بجائے پانچ سو پچہتر ملین ڈالرز ای سی ای سے منظور کرائے گئے ہیں۔ حکومت ہنی مون پیریڈ میں ہی بہت کچھ جمع کرنا چاہتی ہے لیکن اس کی حکومت کو وضاحت کرنی ہوگی۔ وزیراعظم کا بلٹ ٹرین منصوبہ ایک خواب ہی ہے۔

پاکستان کی اتنی معیشت نہیں جتنی بلٹ ٹرین منصوبے پرلاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر ان کی حکومت چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کرے تو ان کا نام بدل دینا۔ اعتزاز نے کہا کہ اس سے پہلے کہ ہم شہباز شریف کا کوئی نیا نام رکھیں، شہباز شریف خود اپنے لئے کوئی نیا نام تلاش کر لیں۔ اس موقع پر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی بات کرکے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں۔