ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا ذمہ دار الیکشن کمشن ہو گا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ گیارہ مئی کے بعد پورا ملک بند کر سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو لائحہ عمل کا ذمہ دار الیکشن کمشن ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پہلے جو پارٹی الیکشن ہارتی تھی وہ نتائج تسلیم نہیں کرتی تھی۔ تحریک انصاف بھی بڑے شہروں میں مظاہرے کرکے پورا ملک بند کر سکتی تھی لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔

ریٹرنگ افسروں کا کردار شرمناک تھا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے ساڑھے 10 بجے کہا کہ انہیں واضح اکثریت مل گئی ہے۔ اس وقت بیشتر حلقوں کے نتائج نہیں آئے تھے۔ چیف جسٹس دھاندلی کا نوٹس لے کر انصاف دلائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی یا پورا انتخابی عمل الٹنا مقصد نہیں۔ وائٹ پیپر کا مقصد عوام کو ثبوت کے ساتھ دھاندلی کے بارے میں بتانا ہے۔