بینظیرقتل کیس،پرویزمشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں اٹھائیس مئی تک توسیع

Pervez_Musharraf

Pervez_Musharraf

راولپنڈی(جیو ڈیسک)راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بینظیر قتل کیس پرویز مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں اٹھائیس مئی تک توسیع کر دی، آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو چالان پیش کرنے کی ہدایت، ایف آئی اے کے نئے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کہتے ہیں کہ چوہدری ذوالفقار کے قتل کے ذمہ دار نگران وزیرداخلہ ہیں۔بینظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے کی، پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت پیشی سے استثنی کی دائر کر دی ۔

موقف اختیار کیا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے، انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پرویز مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں اٹھائیس مئی تک توسیع کردی،دوران سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے کہا کہ کیس میں تاخیر کی ذمہ دار عدالت نہیں،جس کو اعتراض ہے وہ مقدمے کی منتقلی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پرویز مشرف کی درخواست ضمانت پر سماعت بیس مئی کو ہوگی۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بینظیر قتل کیس میں ایف آئی اے کے نئے پراسیکیوٹر چوہدری نے الزام عائد کیا کہ بینظیر قتل کیس میں سرکاری وکیل چوہدری ذوالفقار کے قتل کے ذمہ دار نگران وزیر داخلہ ہیں۔