کینیڈا کے وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار

Justin Trudeau - Sophie Gregoire Trudeau

Justin Trudeau – Sophie Gregoire Trudeau

کینیڈا (اصل میڈیا ڈیسک) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد جسٹن ٹروڈو بھی قرنطینہ میں ہیں اور اپنی تمام حکومتی ذمہ داریاں ٹیلی فون اور ویڈیو کالز کے ذریعے نبھائیں گے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم کے ترجمان نے مقامی وقت کے مطابق جمعرات 12 مارچ کی شب تصدیق کر دی کہ صوفی ٹروڈو کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا، تو اس کا نتیجہ مثبت نکلا اور اس وقت وہ کووڈ انیس کی مریضہ ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر کیمرون احمد نے مزید بتایا کہ صوفی ٹروڈو ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فی الحال قرنطینہ میں رہیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان میں اس مرض کی علامات بہت شدید نہیں ہیں اور وہ ٹھیک ہیں۔ صوفی گریگوئر ٹروڈو نے آج جمعے کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس وائرس کی علامات کے باعث کچھ پریشان ہیں لیکن جلد ہی اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائیں گی۔

وزیر اعظم کے دفتر کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو اب تک بالکل ٹھیک ہیں اور بظاہر ان میں اس وائرس کی کوئی علامات دکھائی نہیں دے رہیں۔ وہ بھی اپنے معالج کے مشورے کے بعد ٹیسٹ کرائیں گے۔ تاہم اس کے باوجود وزیر اعظم ٹروڈو چودہ دن تک قرنطینہ میں رہیں ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنی اہلیہ میں اس وائرس کی علامات سامنے آنے کے بعد جمعرات کی صبح ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ اور صوفی ٹروڈو دونوں قرنطینہ میں رہیں گے۔

جسٹن ٹروڈو قرنطینہ میں ہونے کے باوجود اپنا کام جاری رکھیں گے۔ ان کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹروڈو زیادہ تر کام ٹیلی فون اور ویڈیو کانفرنسوں کے ذریعے کریں گے۔ ان کی کابینہ کے ارکان کے ساتھ بھی بات چیت اسی طرح جاری ہے۔

کینیڈا میں اب تک کورونا وائرس کی نئی قسم کے 140 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ اونٹاریو ہے، جہاں جمعرات کو سترہ نئے کیسز سامنے آئے۔ اسی ہفتے یہ پیش گوئی بھی کی گئی تھی کہ کینیڈا کی تیس سے ستر فیصد کے درمیان آبادی اس نئے وائرس کا شکار ہو سکتی ہے۔