کیپٹن سید جنید ارشد شہید کو خراج تحسین پیش کرنے اور یوم پاکستان کے حوالے سے ایک سادہ مگر پر وقار تقریب نواحی موضع رسولپور سیداں میں ہوئی

Yume Pakistan

Yume Pakistan

ملکہ (عمر فاروق اعوان) آپریشن رد الفساد میں شہادت کا رتبہ پانے والے کیپٹن سید جنید ارشد شہید کو خراج تحسین پیش کرنے اور یوم پاکستان کے حوالے سے ایک سادہ مگر پر وقار تقریب نواحی موضع رسولپور سیداں میں ہوئی۔ کمانڈینٹ کھاریاں گریژن بر گیدئیر محمد ندیم نے چاک و چوبند دستے کے ساتھ کیپٹن سید جنید ارشد شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔اس موقع پر شہید کیپٹن جنید ارشد کے والد کرنل (ر)سید محمد ارشد حسین شاہ اور علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔بعد میں کیپٹن جنید ارشد شہید کی پاک فوج کے لئے خدمات اور ملکی دفاع کے لئے جان کا نزرانہ پیش کرنے پر ان کے والد سید ارشد حسین شاہ کوکمانڈینٹ کھاریاں گریژن بر گیڈئیر محمد ندیم نے پاکستانی پرچم اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن جنیدارشد شہید کے والد کرنل (ر)سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ میرے او ر میری فیملی کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے جنید بیٹے نے شہدوں کی فیملی میں شامل کروا دیا ہے ۔میں نے خود بھی پاک آرمی میں اپنی خدمات سر انجام دی ہیں لیکن کیپٹن جنید ارشدنے شہادت کا رتبہ پا کر ہمیں پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔میرے دل میں شہادت کی بڑی خواہیش تھی مگر اپنے بیٹے سمیت رد الفساد میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنھوں نے ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی ۔میں سلوٹ پیش کرتا ہوں پاک فوج کے تمام شہداء کو ۔انھوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد ہو یا آپریشن ضرب عضب تمام آپریشنز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہیں ۔دہشت گردی ے خاتمے کے لئے بچوں کی جانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔وطن عزیز کو ایسے بچوں پر فخر ہے ۔شہید کیپٹن جنید ارشد کو خراج تحسین پیش کرنے کی اس تقریب کے موقع پر راجہ عابد حسین ملاگر ،سید جعفر حسین شاہ ،زاہد مصطفی اعوان ،کے علاوہ سینکڑوں افراد موجود تھے۔