چیئرمین نیب کی تقرری، اسحاق ڈار کا خورشید شاہ سے رابطہ

Ishaq Dar - Khurshid Shah

Ishaq Dar – Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے رابطہ کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کیا کہ جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس کے بطور چیئرمین نیب تقرری میں قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سینیٹراسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو ٹیلی فون کیا اور ان سے چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق مشاورت کی۔

اسحاق ڈارکاکہنا تھاکہ حکومت کو رانا بھگوان داس کی نامزدگی پرکوئی اعتراض نہیں۔ وہ قابل، ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل شخص ہیں تاہم ان کی بطور چیئرمین نیب تقرری میں کچھ قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان قانونی پیچیدگیوں کا مل بیٹھ کرمشاورت سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری پر مشاورت کے لیے خورشید شاہ دو تین روز میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔