چکوال کی خبریں 06.04.2013

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم قطعی طور پر میرٹ پر ہو گی

چکوال (اعجاز بٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم قطعی طور پر میرٹ پر ہو گی اور با کردار اور مضبوط لوگوں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے اور اس ضمن میں ہمیں کوئی جلدی نہیں وہ ماڈل ٹائون لاہور میں ضلع چکوال کے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے دو درجن کے قریب امیدواروں سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر چوہدری نثار علی خان بھی موجود تھے اجلاس میں تمام امیدواروں سے رائے حاصل کی گئی اور تمام امیدواروں نے تجویز دی کہ ٹکٹوں کا فیصلہ جلدی کیا جائے وقت بہت توڑا ہے ۔ اجلاس میں جنرل (ر) عبدالقیوم ، میجر (ر) طاہراقبال ، ایاز امیر ، چوہدری لیاقت علی خان ، ملک تنویر اسلم ، سردار ذوالفقار علی خان دلہہ ، ملک ظہور انور ،شیخ ظفر علی فاروقی ، خالد نوابی حیدر سلطان، شیخ خرم شہزاد او ر دیگر امیدوار بھی موجود تھے ۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ ٹکٹوں کا آخری اعلان 8اپریل کو میاں نواز شریف خود کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں ہفتے کے روز بھی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا
چکوال (اعجاز بٹ)ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں ہفتے کے روز بھی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا ۔ مسلم لیگ ق کے حلقہ این اے ساٹھ کے امیدوار سردار خرم نواب کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ دیگر امیدواروں میں سابق ضلع ناظم چکوال سردارغلام عباس ، سردا رآفتاب اکبر ، چوہدری اعجاز حسین فرحت کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 7اپریل ہے ۔ جبکہ اگلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں ایپلٹ ٹربیونل میں دائر کی جائیں گی ۔ جن کی سماعت گیارہ سے پندرہ اپریل تک ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے راہنما راجہ یاسر سرفراز نے کہا ہے کہ پوری قوم تبدیلی کیلئے تیار ہو چکی ہے
چکوال (اعجاز بٹ)پاکستان تحریک انصاف کے راہنما راجہ یاسر سرفراز نے کہا ہے کہ پوری قوم تبدیلی کیلئے تیار ہو چکی ہے اور 11مئی کو ملک کے آٹھ کروڑ سے زائد ووٹرز کی اکثریت عمران خان کو ووٹ دے گی وہ انصاف سٹوڈنٹس چکوال کے زیر اہتمام ایک کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں چکوال کے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی کنونشن میں مردوخواتین نے بھر پور حصہ لیا جس میں قائدین نے شرکاء سے خطاب کیا اور الیکشن مہم بارے بہتر لائحہ عمل بارے بریفینگ دی اس موقع پر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور یوتھ کے نوجوانوں نے قائدین سے سولات کیے جن کے جوابات دیتے ہوئے راجہ یاسرہمایوں سرفراز اور چوہدری علی ناصر خان بھٹی نے کہا کہ اب وہ وقت آ چکا ہے کہ آپ سب لوگوں نے ملک پاکستان کیلئے جو محنت کی ہے وہ رنگ لے آئی ہے اس موقع پر نوجوانوں نے بھر پور محنت کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف جو نتائج دی گی وہ ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جانے والوں کیلئے عبرتناک ثابت ہونگے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلعی صدر چوہدری احسن زاہد نے نوجوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ نوجوان اس وقت ضلع چکوال میں بے حد متحرک نظر آرہے ہیں اور ان کا ولولہ قابل تحسین ہے انہوں نے الیکشن کے حوالے سے قائدین کو بتایا کہ نوجوان تمام الیکشن مہم میں امیدوران کے شانہ بشانہ ہیں اور ہر نوجوان نیا پاکستان بنانے کیلئے مکمل جدوجہد کر رہا ہے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی نائب صدر غفران کہوٹ بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام دوست منصوبے آج تک کسی اور حکومت نے پیش نہیں کئے
چکوال (اعجاز بٹ) عوام دوست منصوبے آج تک کسی اور حکومت نے پیش نہیں کئے۔ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے اپنی حکومت میں عوام کے لئے سہولیات میسر کیں۔ ہمارے قائد میاں نواز شریف نے ایٹمی پروگرام اور موٹروے کا تحفہ اپنی عوام کو دیا۔ پی پی کی حکومت اپنے 5 سالہ دور میں عوام کو جو تکالیف دی وہ آپ کے سامنے ہیں۔ اپنے ووٹ کا ٹھیک استعمال کر کے چور اور لٹیروں سے نجات
حاصل کریں۔ پنجاب حکومت نے ٹریکٹر سکیم، اجالا پروگرام، لیپ ٹاپ جیسے پروگرام اپنی عوام کے لئے پیش کئے جو کہ اچھی کاوش ہے۔ چوہدری لیاقت علی خان وہ واحد لیڈر ہیں جو کہ نہ کبھی جھکے نہ بکے بالکل چٹان کی طرح مضبوط مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہر میں پانی کا مسئلہ ہے جس کے لئے 35 کروڑ روپے کا فنڈ آیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی پابندی کی وجہ سے وہ ابھی استعمال نہیں ہو سکا۔ انشاء اللہ ہم جیتے یا ہارے آپ کا پانی مسئلہ حل ہو جائے گا کیونکہ عفت لیاقت مخصوص نشستوں پر MNA منتخب ہو چکی ہیں۔ ہم لوگ پہلے بھی آپ لوگوں کے کام کرتے رہے ہیں انشاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ MPA بننے کے بعد MPA صاحب ملتے نہیں۔ آپ دیکھ لیں کہ چوہدری لیاقت علی خان کے گھر کے دروازے آپ لوگوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ پچھلی حکومت نے روٹی، کپڑا، مکان دینے کی بجائے چھین لیا ہے۔ اپنے ووٹ کا ٹھیک استعمال نہ کرنے کی وجہ سے آج ہم سب یہ خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ ووٹ کا استعمال دیانتداری سے کرنا ہو گا تاکہ اچھی قیادت سامنے آئے۔ ملک دُشمن قوتوں نے ایک جماعت تحریک انصاف کرائی ہے جو کہ مسلم لیگ (ن) کو نقصان دینے کے لئے بنائی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلوان گروپ کے حلقہ پی پی20سے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی شیخ وقارعلی نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کا عوام سے جو وعدہ کیا تھا
چکوال (اعجاز بٹ)پہلوان گروپ کے حلقہ پی پی20سے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی شیخ وقارعلی نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کا عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردکھایا ہے ،عوام کی دعائوں سے میرے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں اور عوام دشمن عناصر کی جانب سے مجھ پر لگائے جانے والے تمام اعتراضات بھی مسترد کردئیے گئے ہیں جو کہ عوام کی دعائوں کا ثمر ہیں ،میں خود ٹاٹ سکول میں پڑھتا رہا ہوں اس لئے غریب عوام کو درپیش مسائل بخوبی جانتا ہوں ،مجھے غربت کا بھی اندازہ ہے اور جو مسائل میں جانتا ہوں وہ کوئی سردار،وڈیرہ یا چوہدری نہیں سمجھ سکتا، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں جمعہ کے روز یونین کونسل نمبر تین کے محلہ فاروقی اور یونین کونسل نمبر چار کے محلہ نواب ٹائون میں منعقدہ الگ الگ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ وقا رعلی نے کہا کہ عوام نے آئندہ انتخابات میں غلامی سے نجات
حاصل کرنی ہے کیونکہ ہم نے انگریزوں کی غلامی سے آزادی کے بعد وڈیروں کی غلامی سے ابھی تک آزادی حاصل نہیں کی ،آئندہ انتخابات میں تبدیلی لانی ہے اور ہم چکوال کو انشاء اللہ تبدیل کر کے دکھائیں گے ،انہوں نے کہا کہ پانچ پانچ مرتبہ غریب عوام کے ووٹ لے کر منتخب ہونے والوں نے گزشتہ پینسٹھ سالوں کے دوران چکوال کے لیے کچھ بھی نہیںکیا، اب ہم نے ان کی کھڑپینچی کو ختم کرنا ہے اور میں جھوٹے پرچوں،تبادلوں کی روایتی سیاست کا خاتمہ کر کے دم لوں گا جس کے لیے عوام میرا ساتھ دیں،انہوں نے کہا کہ اب انتخابی موسم میں عوام فصلی بٹیروں کی باتوں میں نہ آئیں اور اگر اس مرتبہ بھی عوام نے اپنا ووٹ ڈر کر یا کسی چاچے مامے کی باتوں میں آکر ضائع کر دیا تو پھر تبدیلی لانے کا موقع نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے چھپڑ بازار کا صدر منتخب ہونے کے بعد بازار میں سرکاری اداروں کی مداخلت ختم کر کے دکھائی ہے اب اگر عوام نے مجھ پر اعتماد کیا تو جھوٹے پرچوں،تبادلوں اور غریب عوام کی عزت نفس سے کھیلنے کی روایتی اور گندی سیاست کو بھی ختم کر کے دکھائوں گا ۔انہوں نے کہا کہ میرے میدان عمل میں آنے سے غریب عوام کے ووٹ کی وقعت کا اندازہ ہو چکا ہے۔