چاند کا تنازع، مفتی منیب وفاقی وزیر فواد چوہدری پر پھٹ پڑے

Fawad Chaudhry - Mufti Muneeb-ur-Rehman

Fawad Chaudhry – Mufti Muneeb-ur-Rehman

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ایک بار پھر چاند کے تنازع پر فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے چاند سے متعلق بیان پر رد عمل میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نےکہا کہ چاند کے سائز سے تاریخ کا تعین فلکیات یاسائنس کی کونسی کتاب میں لکھا ہے؟ جس شخص کو سائنس کا علم نہیں وہ خود کو سائنس کا امام پیش کر رہاہے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ فواد جی، یہ سائنس اور مذہب دونوں اعتبار سے پہلی کا چاند تھا، قمری ماہ کی 29 تاریخ کوچاند غروبِ آفتاب کے بعد موجود ہو مگر نظرنہ آئے تو مہینہ 30 کا ہوگا اور اگلی شام تک اس کی عمر 24 گھنٹے بڑھ جائے گی اس لیے نسبتاً بڑا نظر آئے گا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتے ہیں، انہوں نے طمطراق سے گزشتہ شب چاند کو دیکھ کر کہا کہ عوام خود فیصلہ کرلیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ذی الحج کے چاند سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ چاند 21 جولائی کو نظر آئے گا اور عید الاضحیٰ 31 جولائی کی ہوگی تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں 21 جولائی کو چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔