چارسدہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی اے کے اندھے قتل کیس کا ڈراپ سین

Arrested

Arrested

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) مندنی پولیس نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی اے جنید اکبر کے اندھے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چارسدہ کے علاقے مندنی پولیس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی اے جنید اکبر کے اندھے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا، اور ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 23 جولائی کو مجیب عالم نے کیجولٹی اسپتال جمال آباد میں اپنے بھائی کے قتل کی رپورٹ درج کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ میرا بھائی جنید اپنے سسر کے گھر دعوت پر گیا تھا، جب وہ اپنی کار میں گھر آرہا تھا کہ شہیدہ پٹرول پمپ کے قریب کسی نامعلوم ملزم یا ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تھانہ مندنی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کی ٹیموں نے واقعے کی تفتیش کے دوران 40 سے 50 مشتبہ افراد سے تحقیقات کیں، اور اس دوران واقعے کے مرکزی ملزم محب شاہ ولد صنوبر شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا، تو اس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ مقتول جنید اکبر کی منگیتر کو پسند کرتا تھا، اور اپنا راستہ صاف کرنے کے لئے اس نے فائرنگ کرکے جنید اکبر کو قتل کردیا، ملزم کی نشاندہی پر وقوعہ میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔