چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ امن کیلئے کردار اداکریں، وزیراعظم

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے سندھ کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سے پوچھ لیا کہ وہ بتائیں انہیں کام کرنے سے کون روک رہا ہے، وزیراعظم نے دونوں کو ہدایت بھی کر دی کہ وہ کراچی میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہو جائیں، ناکامی کا کوئی آپشن نہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت کراچی میں امن امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں سندھ کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس نے بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس نے اعتراف کیا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور شورش میں اضافہ ہوا ہے، تمام واقعات بلائنڈ تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کے لیے یہ اعتراف بڑا پریشان اور حیران کن ہے، لیکن یہ بتائیں کہ پولیس ٹارگٹ کلرز کو پکڑنے اور قانون کے سامنے پیش کرنے میں کیوں ناکام ہے، اور انہیں کام کرنے سے کون روک رہا ہے ؟ کم نفری اور جدید ہتھیاروں کی عدم فراہمی کے بہانے پیش کیے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے سندھ کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہو جائیں، وہ کراچی کا مسئلہ بلا خوف و خطر حل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ کراچی میں امن کے لیے رینجرز، پولیس، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی مشترکا حکمت عملی بنائیں۔