چیف سلیکٹر بنگلہ ٹیم سیٹ اپ میں تبدیلیوں کے مخالف

Bangladesh

Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیشی بورڈ کی کرکٹ آپریشن کمیٹی کے سربراہ اور چیف سلیکٹر اکرم خان نے ٹیم سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی مخالفت کر دی۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں خراب ترین پرفارمنس کے حوالے سے رپورٹس موصول ہونے پر ٹیم سیٹ اپ اور مینجمنٹ میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔ اکرم خان اس ایونٹ میں ٹیم منیجر تھے ان کا کہنا ہے میں نے اپنی رپورٹ میں ایسی کوئی تجویز نہیں دی جبکہ کوچ جرجینسین ان دنوں چھٹیوں پر ہیں وہ واپسی پر اپنی رپورٹ پیش کریں گے، دوسری جانب بنگلہ دیش نے 2017 تک اپنی رینکنگ میں بہتری کو ہدف قرار دے دیا۔

آئی سی سی میٹنگ میں شرکت سے واپسی پر بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے باہمی سیریز کو حتمی شکل دے دی جس کا اعلان رواں ہفتے کر دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم 2017 تک زیادہ سے زیادہ میچز کھیل کر اپنی رینکنگ بنائیں کیونکہ آئی سی سی نے واضح کردیا ہے کہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں صرف ٹاپ 8 ٹیموں کو براہ راست شرکت کا پروانہ ملے گا جبکہ باقی ٹیموں کو کوالیفائی کرنا پڑیگا۔نظم الحسن نے کہا کہ 2016 میں ہماری ٹیم پہلی بار بھارت کا مکمل ٹورکریگی، 2000 میں ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد سے ہم نے بھارت میں ایک بھی 5 روزہ میچ نہیں کھیلا مگر اب ہم وہاں ٹیسٹ کھیلیں گے۔