وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر تنقید کرنے والے ذہنی بیمار ہیں،محمد پرویز ملک صدر مسلم لیگ ن لاہور

لاہور(محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور حلقہ این اے 123کے ٹکٹ ہولڈر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر تنقید کرنے والے ذہنی بیمار ہیں۔

لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے میاں محمد شہباز شریف کے عزائم سے خائف ہوکر لوٹ مار کے پیسے سے تشہیری مہم چلانے والے قوم کو آگاہ کریں کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں رینٹل پاور پلانٹس کے ذریعے کرپشن کا بازار گرم کرنے، عالمی مالیاتی اداروں اور قومی بینکوں سے بھاری قرضے لیکر عیش و عشرت کرنے ، ملک کو دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے اور ٹارگٹ کلرز کی سرپرستی کرنے کے علاوہ اور کیا کارنامے سرانجام دئیے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 123کے علاقہ محمود بوٹی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز ملک نے کہا کہ سابق حکومت اپنے سیاہ ترین دورِ پر شرمندہ ہونے کے بجائے اُن کارناموں کا ڈھول پیٹ رہی ہے جو سرانجام دینے کی اُسے کبھی توفیق نہیں ہوئی اور میاں محمد شہباز شریف کے میٹرو بس پراجیکٹ، لیپ ٹاپ سکیم اور دیگر منصوبوں سے خائف ہوکر گھٹیا الزام تراشی پر اُتر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں سب نے قومی وسائل جی بھر کر لوٹے جس کی وجہ سے ملک میں پندرہ پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ معمول بن گئی لیکن سابق حکمرانوں نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا مگر انتخابات کے نزدیک اُن کے دلوں میں عوام سے محبت کا درد جاگ اُٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر کیچڑ اچھال کر کرپٹ لوگوں کے فرنٹ مین کا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کا روشن کردار ساری قوم کے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ قوم اب جھوٹے نعروں، لوٹ مار کی رقم سے اشتہار بازی اور سبز باغ دکھانے والوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی بلکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ایک مرتبہ پھر بھاری مینڈیٹ دیکر ان مفاد پرست کی جھوٹی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردے گی