ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: (ن) لیگی ایم این اے کو جرمانہ، فردوس عاشق کو وارننگ

Firdous Aashiq Awan

Firdous Aashiq Awan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن پنجاب نے پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر (ن) لیگی ایم این اے ارمغان سبحانی کو 49 ہزار روپے جرمانہ کر دیا جب کہ فردوس عاشق اعوان کو بھی وارننگ نوٹس جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق پی پی 38 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر (ن) لیگی ایم این اے ارمغان سبحانی کو 3 روز میں جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عدم ادائیگی پر ارمغان سبحانی کےخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فردوس عاشق اعوان کو وارننگ نوٹس جاری کیا جس کے بعد وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی نے حلقے میں دوبارہ داخل نہ ہونےکی یقین دہانی کرادی۔