کانگو وائرس، باعث پمز ہسپتال میں زیر علاج چوتھا مریض بھی دم توڑ گیا

Congo virus

Congo virus

ایبٹ آباد (جیوڈیسک) ایبٹ آباد میں کانگو وائرس کے باعث پمز ہسپتال میں زیر علاج چوتھا مریض بھی دم توڑ گیا، ہلاک افراد کی تعداد چار ہو گئی،ان تمام افراد کا تعلق حویلیاں کے ایک ہی گھر سے ہے۔ حویلیاں کے علاقہ سلطانپور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کا چو تھا فرد عارف بھی پمز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

اس سے قبل عارف کا والد یوسف، دو بھائی شیراز اور آصف پہلے ہی اس بیماری کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ کانگو وائرس نے اس گھر کے تمام مردوں کو اپنی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔

محکمہ صحت ایبٹ آباد نے پہلے ہی ایوب میڈیکل کمپلکس اور بے نظیر شہید ہسپتال میں کانگو یونٹس قائم کر دئیے ہیں جبکہ حویلیاں سمیت پورے شہر میں کانگو سپرے بھی کیا جا رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سپرے تک جانوروں کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔