کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے، احتیاط نہ کی تو لاک ڈاؤن پھر سے لگانا پڑے گا، وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ملک میں کوروناکیسز نیچے آتے آتے اوپر جانا شروع ہوگئے ہیں، خطرہ ہےکہ چوتھی لہر آسکتی ہے، عوام سے ماسک پہننےکی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ’انڈین ویریئنٹ‘ (کورونا کی بھارتی قسم) بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

اسلام آباد میں قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ کورونا کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ہم پر خاص رحم کیا، اس وقت بھارتی کورونا قسم کی وجہ سے صورتحال خراب ہے، کورونا میں اس وقت ’انڈین ویریئنٹ‘ بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے،وائرس اپنی ہیئت مسلسل تبدیل کر رہا ہے،ملک میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی آتے آتے پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا ، خطرہ ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر آسکتی ہے، دنیا میں لوگ کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے تھک گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم سے اپیل ہے کہ ماسک استعمال کریں ، کورونا سے ملک کو بچالیں گے، لاک ڈاؤن لگانے سے سب سے زیادہ نقصان غریب طبقےکو ہوتا ہے، ماسک کا استعمال بہت ضرور ی ہے، عید پر بھی ماسک کا استعمال کریں، اگرصحیح معنوں میں ہم نے احتیاط کرلی تو ممکنہ چوتھی لہر سےبچ سکتے ہیں، احتیاط نہ کی تو لاک ڈاؤن پھر سےلگانا پڑےگا، سب بند کرنا پڑے گا، اس لیےقوم کی خاطر اور معیشت کی خاطر لوگ ماسک کا استعمال ضرور کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس ویکسین موجود ہے، اس کا فائدہ اٹھائیں،ویکسین لگوائیں، چوتھی لہر سے نکل گئےتو اپنے ملک کو اس تباہی سے بچا سکتے ہیں جو دیگر ممالک میں پھیلی ہوئی ہے، جب تک تمام افراد کو ویکسین نہ لگ جائیں کورونا کی لہریں آتی رہیں گی۔