بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کا عزم ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

 Javed Iqbal

Javed Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس( ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کا عزم ہے اور اس نعرے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

نیب کے چیئرمین جسٹس( ر) جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو وائٹ کالرکرائم اور بدعنوانی کے مقدمات کو اولین ترجیح دے رہا ہے، جنھوں نے پاکستانیوں کے اربوں روپے ہڑپ کیے اور بدعنوانی کی انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کا عزم ہے اور اس نعرے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی کسی فرد، جماعت یا ادارے سے کوئی وابستگی نہیں بلکہ یہ وابستگی ملک اور اپنے فرائض کی انجام دہی سے ہے، بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے کیونکہ یہ ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،پاکستان کو بدعنوانی کے چیلنج کا سامنا ہے جو تمام مسائل کی جڑ ہے۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا نیب کے طریقہ کار کی از سر نو تشکیل نے نیب کی ساکھ کو بڑھایا ہے اور ادارہ بدعنوانی کی تمام اقسام اور اشکال کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم، پلڈاٹ اور مشال جیسے معروف اداروں نے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی۔