ملکی حالات پر انور مقصود کی ٹیم اسلام آباد کلب میں ’’دھرنا‘‘ دے گی

Anwar Maqsood

Anwar Maqsood

کراچی(جیوڈیسک) معروف ڈرامہ نگار انورمقصود کی ٹیم 27 نومبر سے اسلام آباد کلب میں دھرنا دیگی تاہم یہ کوئی سیاسی دھرنا نہیں ہوگا بلکہ پاکستان کے موجودہ حالات اور سیاسی منظر نامے پر معروف ڈرامہ نگار انور مقصود کا لکھا ہوا کھیل ’’دھرنا انور مقصود کا‘‘ 27 نومبر سے اسلام آباد کلب میں پیش کیا جائیگا۔

اگلے مرحلے میں یہ کھیل لاہور اور کراچی میں پیش کیا جائے گا۔ اس کھیل میں کاپی کیٹس کی ٹیم کام کررہی ہے ڈرامے کے ڈائریکٹر محموداور یاسرشاہ ہیں۔ تھیٹرڈرامہ دھرنا انور مقصود کا‘‘ سے قبل کاپی کیٹس کی ٹیم آنگن ٹیڑھا، پونے چودہ اگست، سوا چودہ اگست، ہاف پلیٹ اسلام آباد، لاھور اورکراچی میں پیش کرچکی ہے۔

دھرنا انور مقصود کا کے حوالے سے ڈرامے کے مصنف انورمقصود نے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مجھے آج بھی ایسالگتاہے کہ ملک میں آمریت ہے جمہوریت کے بارے میں ابھی ہمارے سیاستدانوں کو شاید معلوم نہیں ہے آمریت کے دور میں کم ازکم ایک آدمی کی سننی پڑتی ہے مگر دور جمہوریت میں ہر آدمی آمر ہوتا ہے‘ میں ہمیشہ سے سچ لکھتا رہاہوں آئندہ بھی لکھتا رہوں گا۔

انور مقصود کا کہنا تھا لاہور الحمرا اور پی این سی اے کا ہمیں ڈرامہ کی اجازت نہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم آج بھی جھوٹ پرڈٹے ہوئے ہیں اور سچائی سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل میں مزاح اور سنجیدہ جملوں کی تکرار سے لوگ لطف اندوز ہوں گے۔