ملک دشمن پروپیگنڈے پر ’’جیو‘‘ کی نشریات بند کرسکتے ہیں، چیرمین پاکستان کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن

Cable Operators

Cable Operators

کراچی (جیوڈیسک) کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ جیو کی غیر ذمہ دارانہ نشریات سے عوام اور افواج پاکستان کو ٹھیس پہنچی اگر کوئی میڈیا گروپ پاکستان کے عوام اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف غیروں کے آلہ کار بنیں گے تو ان کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیبل آپریٹر کے صدر خالد آرائیں کا کہنا تھا صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے لیکن حامد میر کی آڑ میں جیو کی جانب سے حساس ادارے کے سربراہ اور قومی سلامتی کے ادارے کے خلاف ہرزرہ سرائی کی گئی جس کے بعد عوام کے رد عمل کا شکار کیبل آپریٹرز بنے ہیں، انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن افواج پاکستان اور حساس ادارے سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

خالد آرائیں نے کہا کہ کسی بھی ایسی نشریات کی حمایت نہیں کر سکتے جو نظریہ پاکستام، استحکام پاکستان، قومی خودمختاری، قومی یکجہتی، افواج پاکستان، حساس اداروں اور اعلی عدلیہ کے لئے خطرے کا باعث ہوں، جیو کی غیر ذمہ دارانہ نشریات کے بعد عوام نے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔