ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار

Pakistan Hot

Pakistan Hot

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں کہیں گرمی کی شدت ہے تو کہیں بارشوں نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

تاہم خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مالاکنڈ ، ہزارہ، پشاور ، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز گردآلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد خیبر پختونخواہ ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ڈویژن ، گلگت بلتستان، کشمیر میں گرمی میں کچھ کمی آگئی۔ دوسری طرف سندھ کے شہروں میں گرمی کا راج برقرار ہے۔

دادو شہر گرمی میں سب سے آگے رہا جبکہ بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین ، نصیر آباد ،جعفر آباد سمیت متعدد مقامات پر سورج آگ برساتا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی جبکہ بالائی علاقوں کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک کمی کا امکان ہے۔